ڈائریکٹوریٹ جنرل کسٹمزانٹیلجنس کراچی نے 38.9 کروڑ روپے کا اسمگل شدہ سامان قبضے میں لےلیا

اسلام آباد/کراچی(نیوزٹویو) ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلجنس اینڈ انویسٹیگیشن-کسٹمز ، کراچی نے 38.9 کروڑ روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان قبضے میں لےلیاڈائریکٹرجنرل کسٹمزانٹیلیجنس اینڈ انوسٹی گیشن کراچی کی جانب سے مصدقہ اطلاع کی فراہمی پر کہ اسمگلنگ میں ملوث ایک منظم گروہ خفیہ طور پر رضویہ سوسائٹی، اسکیم 33، ملیر کراچی کے قریب ایک کمپاؤنڈ میں اسمگل شدہ سامان کی بھاری مقدار ڈمپ کرے گا۔ ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلیجنس اینڈ انوسٹیگیشن کسٹمز کراچی نے کمپاؤنڈ کی نگرانی کیلۓ ایک انسداد اسمگلنگ ٹیم تشکیل دی۔ ٹیم نے دو مزدہ ٹرکوں کو احاطے سے باہر آتے دیکھ کر ان کا پیچھا کیا اور راشد منہاس روڈ پر دونوں کو روکنے میں کامیاب ہو گئے۔ تلاشی پر ٹرک غیر ملکی لیپ ٹاپس سے بھرے ہوئے پائے گئے۔ قانونی دستاویزات کی عدم فراہمی پر مذکورہ ٹرک ڈرائیوروں کے ساتھ ڈائریکٹوریٹ کے آفس میں لے جاۓ گئے۔ دریں اثنا ایک اور ٹرک احاطے سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا گیا جسے ٹیم نے عسکری پارک، یونیورسٹی روڈ، کراچی کے قریب روک لیا۔ ابتدائی تلاشی سے معلوم ہوا کہ یہ ایئر کرافٹ پسٹن انجن آئل سے لدا ہوا تھا۔

اس کے بعد، کسٹمز ایکٹ 1969 کی دفعہ 162 کے تحت احاطے کا سرچ وارنٹ حاصل کیا گیا اور جب ٹیم احاطے میں داخل ہوئی تو اسے ایک اور مزدہ ٹرک اور ایک سوزوکی پک اپ اسمگل شدہ سامان سے لدے ہوۓ ملے۔ تمام سمگل شدہ سامان گاڑیوں سمیت ڈائریکٹوریٹ لایا گیا۔اسمگل شدہ سامان میں مختلف قسم کے 3600 عدد لیپ ٹاپ، 2396 عدد گھڑیاں، 3 ٹن چیز، ایئر کرافٹ انجن آئل کے 834 کارٹنز، فوڈ سپلیمینٹ کے 190 کارٹنز ،انڈین کاسمیٹکس کے 67 کارٹنز اور دیگر متفرق اشیاء شامل ہیں- اسمگل شدہ سامان کی کل مالیت تقریباً 38.9 کروڑ روپے کے لگ بھگ ہے۔ واقع کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے، اس سلسلے میں تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں