ڈی جی آئی ایس پی آر سیاسی معاملات کی تشریح نہ کریں سیاستدانوں کو حل کرنے دیں،اسد عمر

اسلام آباد( نیوزٹویو) پاکستان تحریک انصاف نے پا ک فوج کے ترجمان ڈی جی آئی ایس پی آر کے سائفرکے حوالے سے امریکہ سازش سے متعلق بیان کو سیاسی قرار دے دیتے ہو ئے انہیں سیاسی معاملات میں مداخلت نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اور سابق وفاقی اسد عمر نے کہا ہے کہ سیاسی معاملات سیاستدانوں کو حل کرنے دیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر سیاسی معاملات کی تشریح نہ کریں اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب  کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ بیرونی مداخلت کے الفاظ مراسلے میں استعمال ہوئے ہیں یہ سب حقائق مراسلے کے اندر موجود تھے، کہا گیا تھا اگر تحریک عدم اعتماد ناکام ہوئی تو پاکستان کے لیے مشکل ہوگا، سائفر میں سیدھی سیدھی پاکستان کو دھمکی دی گئی تھی، قومی سلامتی کمیٹی کی پہلی میٹنگ میں شیریں مزاری اور میں موجود تھے۔

اسد عمر نے کہا کہ عمران خان بطور چیئرمین تحریک انصاف سپریم کورٹ کو خط لکھیں گے کہ تحقیقات کی جائیں، ہم چاہتے ہیں جوڈیشل کمیشن بنایا جائے اور حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں۔ قومی سلامتی کا دفاع کرنا منتخب قیادت کی بھی ذمے داری ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان یہ نہیں کہہ رہے کہ ان کے تجزیے کو مان لیا جائے ان کا مطالبہ صرف یہ ہے کہ قوم کا حق بنتا ہے کہ حقیقت تک پہنچا جائے۔

اس موقع پر شیریں مزاری نے کہا کہ اگر یہ تحقیقات نہیں ہوں گی تو معاملہ ختم نہیں ہوگا، ہم چاہتے ہیں کہ دوبارہ ایسا کچھ نہ ہو، عمران خان کا روس جانے کا فیصلہ سب سے مشاورت کے بعد کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہماری امریکن ایمبیسی سے ملاقات کی لسٹ آپ کے سامنے آ جائے گی، امریکی سازش کا ماڈل پہلے سے موجود ہے، ہم یہ کہہ رہے ہیں امریکا یہ پہلی بار نہیں کررہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں