کالاش میں سکیورٹی فورسز کی2چوکیوں پرحملہ،4جوان شہید،12دہشت گردجہنم واصل

راولپنڈی(نیوزٹویو) دہشت گردوں نے چترال کے علاقے کالاش میں قائم سکیورٹی فورسز کی  دو چوکیوں پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 4 جوان شہید  ہوگئےجوابی کارروائی میں 12 دہشت گرد وں کو جہنم واصل کردیا گیا ہے۔پا ک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں کے بڑے گروپ نے ضلع چترال کے علاقہ کالاش میں 2 چوکیوں پر حملہ کیا، بہادر جوانوں نے حملہ کا انتہائی  موثر جواب دیا، جس کے باعث دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ جوابی کارروائی میں 12 دہشت گرد جہنم واصل ہوئے جبکہ بہت زیادہ تعداد میں دہشت گرد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 جوان وطن پر قربان ہوگئے، علاقہ میں دہشت گردوں کی تلاش اور خاتمے کا آپریشن جاری ہے۔افعانستان کے کنڑ اور نورستان صوبوں کے علاقوں گاوردیش، پیتگل، برغ میتل اور بٹش میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت دیکھی گئی، افعانستان کی عبوری حکومت کو دہشت گردوں کی نقل و حرکت سے آگا ہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے  اُمید ظاہر کی ہے  کہ افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اوردہشت گردوں کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے سے روکے گی۔ پاک فوج  ترجمان  کا کہنا ہے کہ مسلح افواج دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو اور مضبوط بناتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں