کالعدم بی این اےکےسربراہ امام گلزارنےبلوچ عوام سے معافی مانگ لی،دوست واپس آجائیں،غلط راستےپرتھا

کوئٹہ (نیوزٹویو) کالعدم تنظیم بی این اے کے گرفتار سربراہ گلزار امام شمبے بلوچستان کے عوام سے معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ میں غلط راستے پر تھا دوستوں سے بھی کہتا ہوں واپس آجائیں۔ مسلح جدوجہد سے بلوچستان کی ترقی رک گئی ریاست بلوچوں کے تحفظات دور کرنے کیلئے سنجیدہ ہےمنگل کو صوبائی وزیر ضیاء لانگو اور سینیٹر آغا عمر احمد زئی نے کوئٹہ میں اہم پریس کانفرنس کے دوران کالعدم بلوچ نیشنل آرمی کے سربراہ گلزار امام کو میڈیا کے سامنے پیش کیا۔

گلزار امام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا تعلق پنجگور کے علاقے پروم سے ہے، انہوں نے 15 سال قبل مسلح کارروائیوں کا آغاز کیا، کچھ عرصے قبل فورسز نے گرفتار کیا، اس دوران ماضی کو پرکھنے کا موقع ملا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حقوق کی جنگ مسلح کے بجائے سیاسی جدوجہد سے ممکن ہے، ریاست کو سمجھے بغیر جنگ کا آغاز کیا، مسلح جدوجہد سے بلوچستان کی ترقی رک گئی، امید ہے ریاست ماں کے طور پر مجھے اصلاح کا موقع دے گی۔

گلزار امام نے کہا کہ تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کی کوشش کروں گا، بلوچستان میں فنڈز اور وسائل کا صحیح استعمال نہیں ہورہا، ریاست بلوچوں کے تحفظات دور کرنے کیلئے سنجیدہ ہےدنیا بھر میں مسائل کا حل پرامن بات چیت سے ہی نکلتا ہے، تکلیف دہ تجربات کے بعد احساس ہوا جس راستے کا انتخاب کیا وہ غلط تھا۔

صوبائی وزیر داخلہ ضیاء لانگو نے اس موقع پر کہا کہ ملکی مفاد کیلئے ہم سب ایک پیج پر ہیں، فورسز اور اداروں نے ملک کیخلاف سازشیں ناکام بنائیں، ریاست کے وجود کو خطرہ ہو تو کسی کو چھوڑا نہیں جاسکتا، حقوق کیلئے نوجوانوں کو بندوق دے کر پہاڑوں پر بھیجنا درست نہیں، ریاست کی بنیادوں سے کھیلنے والوں کیلئے کوئی آپشن نہیں۔ پاکستان کے آئین کے تحت جس کو حقوق نہیں ملتے ہم اس کے ساتھ ہیں، حقوق کے مطابق لوگوں کو روزگار ملنا چاہئے، جو لڑائی چاہتا ہے اس سے لڑیں گے، جو بات کرنا چاہتا ہے اس سے دو قدم آگے بڑھ کر بات کریں گے۔

سینیٹر آغا عمر احمد زئی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بلوچوں نے پاکستان کیلئے بہت سی قربانیاں دی ہیں، جو لوگ واپس آنا چاہتے ہیں ان کیلئے پالیسی بنائی جائے، مفاہمتی عمل ختم نہیں ہونا چاہئے، قانون کے دائرے کے اندر نوجوانوں کی واپسی کا راستہ کھلنا چاہئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں