کراچی سےاسلام آبادآنےوالی بس کی ڈیزل سےلدی پک اپ سےٹکر،آگ لگنے سے18مسافرجاں بحق

پنڈی بھٹیاں(نیوزٹویو)صوبہ پنجاب کے ضلع حافظ آباد کی تحصیل پنڈی بھٹیاں کے قریب موٹروے پر مسافر بس کو آگ لگنےکے نتیجے میں 18مسافر جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ مسافر بس کراچی سے اسلام آباد جا رہی تھی، حادثہ صبح سویرے ساڑھے 4 بجے پیش آیا، زخمیوں اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔  مرنے والوں میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد شامل ہیں، جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں

ڈی پی او حافظ آباد کے مطابق ڈیزل سے لدی پک اَپ سے مسافر بس جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی، بس اور پک اپ کے ڈرائیور بھی حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔انہوں نے بتایا کہ 10 شدید زخمی مسافروں کو فیصل آباد کے ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے، شدید زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت نازک ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے پولیس نے بروقت کارروائی کر کے 15 مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا، موٹروے پولیس نے حادثے کے لیے معلوماتی ڈیسک اور ایمرجنسی سینٹر قائم کردیا ہے، جبکہ جائے حادثہ پر ٹریفک کو مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انسپکٹر جنرل (آئی جی) سلطان علی خواجہ نے بھی جائے حادثہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امدادی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور حادثے میں جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا۔

ترجمان موٹروے پولیس کی جانب سے جاری ایک علیحدہ بیان میں آئی جی سلطان علی خواجہ نے کہا کہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ بس ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا۔آئی جی نے کہا کہ متعلقہ کمانڈر اور نائٹ پیٹرولنگ افسر کو معطل کر دیا گیا ہے، حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

موٹروے پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) موٹروے محمد سلیم کا کہنا ہے کہ محکمانہ کارروائی کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، انکوائری کمیٹی 24 گھنٹے میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری ٓبیان میں کہا گیا ہے کہ لاشیں بہت زیادہ جھلس جانے کے باعث شناخت میں دشواری کا سامنا ہے، لاشوں کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد ہی ممکن ہوگی۔ لاشوں کو ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ایدھی ایمبولینس کے ذریعے منتقل کیا جائے گا، چیئرمین ایدھی فاؤنڈیشن فیصل ایدھی کی ہدایت پر تمام لاشوں کو شناخت کے بعد ان کے آبائی گھروں میں بلامعاوضہ ایدھی ایمبولنس کے ذریعے منتقل کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں