کراچی میں تیز بارش ،کرنٹ لگنےسے1شخص جاں بحق،متعددعلاقے زیرآب،مزیدبارشوں کا امکان

کراچی (نیوزٹویو) شہر قائد کراچی میں تیز بارش کا سلسلہ منگل کو بھی جاری رہا اور سارا دن وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی  اس دوران کرنٹ لگنے سےایک شہری جاں بحق ہوگیا اور متعدد علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ بارش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن سیکٹر 4- ڈی کا رہائشی 40 سالہ عابد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا، جن کی لاش مطلوبہ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے لیے عباسی شہید ہسپتال منتقل کی گئی۔

رواں ہفتے کے دوسرے دن بھی کراچی میں وقفے وقفے سے کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش جاری ہے، جس کی وجہ سے شہر کا نظام زندگی شدید متاثر ہوگیا ہے۔ دوپہر 2 بجے کراچی میں تیز بارش ہوئی, مختلف علاقوں میں بارش کی نوعیت مختلف ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں سب سے زیادہ 41 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، کیماڑی میں 40 ملی میٹر، صدر میں 30 ملی میٹر، پاکستان ایئر فورس مسرور بیس میں 20 ملی میٹر اور ناظم آباد میں 15 ملی میٹر بارش رکارڈ کی گئی۔ شدید بارش کے بعد شاہراہ فیصل، صدر، کلفٹن، یونیورسٹی روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، صفورہ چوک اور شہر کی دیگر سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔

دریں اثنا کے-الیکٹرک کے ترجمان عمران رانا نے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے باعث بجلی کی فراہمی میں عارضی تعطل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کے-الیکٹرک کا عملہ بدلتے ہوئے موسمی حالات کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور اس پر متحرک ہے اور کسی ایمرجنسی کی صورت میں شہری 118 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں