کراچی موسلادھاربارش،نظام زندگی متاثر،1شخص کرنٹ لگنےسےجاں بحق،مزیدبارشوں کی پیشگوئی

کراچی (نیوزٹویو) شہر قائد میں موسلا دھار بارش نے وزیراعلی سندھ کےتمام دعوے پانی میں بہا دئیےکراچی میں آج صبح سے ہونے والی بارش سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے جبکہ موسلادھار بارش کے نتیجے میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے ایک شہری جاں بحق ہوگیا تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔بارش نے ایک مرتبہ پھر کراچی کی انتظامیہ اور سندھ حکومت کے دعوؤں کا پول کھول دیا ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث سیوریج کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے اور کئی علاقوں میں نالے ابل پڑے ہیں جس سے سیوریج کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے جبکہ شہر کی مرکزی شاہراہوں پر بھی پانی جمع ہے۔ کراچی کے علاقے لی مارکیٹ میں میمن مسجد کے قریب ایک شخص بجلی کا کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا جس کی لاش سول ہسپتال منتقل کردی گئی۔

کراچی میں بارش سے ضلع وسطی اور جنوبی سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جہاں ہر طرف پانی ہی پانی ہے۔ ضلع وسطی کے علاقوں لیاقت آباد، سپر مارکیٹ، گجر نالے، ناظم آباد، پاپوش نگر، عباسی اسپتال کے اطراف اور خلافت چوک، مین حیدری روڈ، کے ڈی چورنگی، سخی حسن چورنگی، فائیو اسٹار چورنگی، عائشہ منزل اور فیڈرل بی ایریا کے مختلف بلاکس میں پانی جمع ہے ضلع جنوبی میں جوبلی، مکی مسجد، گارڈن اور شو مارکیٹ کے علاقوں میں بارش کی ساتھ سیوریج کا پانی بھی سڑکوں پر آگیا ہے، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے اولڈ سی ایریا کے علاقوں رنچھوڑ لائن، رامسوامی، دھرم سی پاڑہ،  کچھی پاڑی، لی مارکیٹ، جونا مارکیٹ ، نیپئر روڈ ، پان منڈی میں بھی صورتحال ابتر ہے اور نکاسی نہ ہونے کے باعث پانی دکانوں میں داخل ہوگیا ہےکراچی کے علاقے نیو ٹاون چوک، شبیر آباد روڈ پر کئی فٹ پانی جمع ہے جس سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ اتحاد ٹاون اور پراچہ چوک شیر شاہ بھی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے شہر میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ہونیوالی بارش کے اعداد و شمار جاری کردیے ہیں، جس کے مطابق سب سے زیادہ بارش قائد آباد میں 86.5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ صدر اور گلشن حدید میں 62، مسرور بیس پر 54.5، کیماڑی میں 54 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

دریں اثنا اتوار کو محکمہ موسمیات نے پیشین گوئی کی ہے کہ مون سون کی تیز ہوائیں گزشتہ رات سے سندھ میں مسلسل داخل ہو رہی ہیں اور یہ 26 سے 27 جولائی تک برقرار رہیں گی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس موسمی نظام کے زیر اثر تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹھٹہ، سجاول، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہٰ یار، حیدرآباد، مٹیاری، سانگھڑ، نوابشاہ، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو، جامشورو، شکارپور، قمبر شہدادکوٹ، گھوٹکی، کشمور اور کراچی ڈویژن میں آج سے 26 سے 27 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا امکان ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں