کراچی کے ضلع وسطی کے اولڈ سٹی ایریاسےبھاری مقدار میں دفن جنگی اسلحہ برآمد

کراچی (نیوزٹویو)کراچی کے ضلع وسطی کی پولیس نے اولڈ سٹی کے علاقے میں واقع گودام کی کھدائی کرکے زمین میں دفنایا گیا بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور ہیلی کاپٹر و ٹینک سمیت دیگر ہتھیاروں کے زنگ آلود پرزے برآمد کرلئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق  ایس ایس پی ضلع وسطی غلام مرتضیٰ تبسم کی سربراہی میں پولیس نے  لی مارکیٹ میں چینی کے برتنوں کے گودام پرچھاپہ مارا جہاں کھدائی کے دوران زمین میں دفنایا ہوا بڑی تعداد میں زنگ آلود اسلحہ برآمد ہوا،پولیس نے ایک پرانی بلڈنگ کے فرش کی کھدائی کی تو ہتھیاروں کی بڑی کھیپ نکل آئی جو ایک اندازے کے مطابق کم از کم دس سال پہلے محفوظ کئے بغیر ہی زمین میں دفنادی گئی تھی۔ڈی ایس پی نیو کراچی معین الدین کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحے میں پرانی رائفلیں، پستول، ریوالور، اینٹی ٹینک، اینٹی ایئرکرافٹ، راکٹ لانچر اور اینٹی ٹینک گن سمیت دیگر ہتھیاروں کے پرزے شامل ہیں تمام اسلحہ جنگوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ ہتھیار اگر درست حالت میں ہوتے تو بڑی تباہی کے لئے استعمال ہوسکتے تھے مگر یہ اسلحہ برسوں سے زمین میں دبا ہونے کی وجہ سے ناکارہ ہوچکا ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بھی تمام گولہ بارود کا معائنہ کیا،پولیس کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے تحقیقات ہوں گی کہ گودام مالک نے کس سے گودام کرائے پرحاصل کیااور اس بات کا سراغ لگایا جائے گا کہ اسلحہ دفن کرتے وقت کون  گودام کا مالک تھا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں