کسٹمز انٹیلی جینس (ایف بی آر) انفورسمنٹ ٹیم کراچی نے 2کروڑ روپے کاسمگل شدہ کپڑا برآمد کر لیا

کراچی (نیوزٹو یو) کسٹمز انٹیلی جینس  (ایف بی آر) انفورسمنٹ ٹیم نےکراچی کی مختلف مارکیٹوں میں آپریشن کے دوران 2کروڑ روپے کاسمگل شدہ کپڑا برآمد کر لیا تفصیلات کے مطابق کسٹم انفورسمنٹ کراچی کے انٹیلی جنس عملے نے کپڑاسمگلنگ سے متعلق مصدقہ اطلاعات ملنے پر آرام باغ مارکیٹ، لکھنؤ اور الجدید مارکیٹ صدر، کراچی میں واقع گوداموں کی نگرانی کی، جہاں پر 2 کروڑ روپے مالیت کا بھاری مقدار میں غیر ملکی اسمگل شدہ کپڑا  پڑاتھا ۔  ڈپٹی کلکٹر آف کسٹمز، اے ایس او، کلکٹریٹ آف کسٹمز، انفورسمنٹ، کراچی کی نگرانی میں کسٹمز کی ٹیم تشکیل دی گئی  جس نے سندھ پولیس اور رینجرز کے علاوہ  دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر مذکورہ مقامات پر مشترکہ آپریشن کیا۔جونہی آپریشن ٹیم مذکورہ مقام پر پہنچی تو سو سے زائد افراد پر مشتمل پرتشدد گروہ نے افسران اور اہلکاروں پر پتھراؤ  اورلاٹھیوں اور پتھروں سے سرکاری گاڑیوں کو توڑنا شروع کر دیا جس سے سرکاری گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ شرپسند افراد  کی جانب سے چند گولیاں بھی چلائی گئیں۔ پولیس نے ہوائی فائرنگ کی جس کے بعد ہجوم منتشر ہو گیا۔ آپریشن کے دوران 2 سپاہیوں کے معمولی زخموں کے علاوہ کوئی دیگر جانی نقصان نہیں  ہوا ۔اے ایس او کی ٹیم نے2  کروڑ روپے سے زائد مالیت کاسمگل شدہ کپڑا برآمد کیا اور   تفصیلی جانچ کے لی ہیڈ کوارٹر بھیج دیا  ۔ شرپسندوں کے خلاف پولیس سٹیشن  آرام باغ اور کسٹم کورٹ میں ایف آئی آر درج کی گئی ۔ ملزمان سے سمگل شدہ اشیا ء کے بارے میں مزید معلومات اکھٹی کی جا رہی ہیں اور جلد ہی مجرموں کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ و ریونیو  شوکت ترین نے اسمگلرز کے خلاف کامیاب آپریشن پر آپریشن ٹیم اور ایف بی آر کی ٹیکس چوری کے خلاف جاری کاروائیوں  کی تعریف کی۔اسی طرح چئیرمین ایف بی آرڈاکٹر محمد اشفاق احمد نے  اس اہم آپریشن پر افسران و اہلکاروں کو اس بہادری  اور پیشہ وارانہ مہارت  پر داد دی اور آپریشن میں حصہ لینے والوں کو تعریفی اسناد اور نقد انعام   دینے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ ایف بی آر اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل  درآمد کر رہا ہےاور اعادہ کیا کہ ملک بھر میں اسمگلنگ کے خاتمے کے لئے اس طرح کے آپریشن جاری  رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں