کورونا سےمتاثرہ تاجروں کو بلاسودقرضے فراہم،کاروباری اوقات رات11تک کیےجائیں،آل پا کستان انجمن تاجران

اسلام آباد(نمائندہ نیوزٹویو)ٹریڈرز ویلفئیر ایسوسی ایشن اپارہ شاہین تاجر اتحاد گروپ اور آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے کہا ہے کہ تاجروں کے کاروبار کورونا کی وجہ سے لاک ڈاؤن میں برباد ہو چکے ہیں لیکن حکومت نے بجٹ میں کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا حکومت آبپارہ سمیت چھوٹے تاجروں کو بلاسود قرضے فراہم کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آبپارہ مارکیٹ میں تاجروں کی ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریسٹورنٹ مالکان سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ ملازمین کی تنخواہیں، بجلی کے بل، ٹیکس اور دیگر اخراجات ادا کرنے مشکل ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کاروبار بند کر دیتی ہے لیکن دکانوں کے کرایہ میں کوئی رعایت نہیں دلواتی۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر سے مطالبہ ہے کہ وہ ریسٹورنٹ میں انڈور کھانا کھلانے کی اجازت کا فوری طور پر اعلان کریں۔

شاہین تاجر اتحاد گروپ کے جنرل سیکریٹری اختر عباسی اور ایڈیشنل سیکریٹری چوہدری محمد صدیق نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے شہری خریداری کے لیے صرف شام کے اوقات میں مارکیٹوں کا رخ کرتے ہیں کورونا کے حالات بہت بہتر ہوگئے ہیں حکومت فوری طور پر کاروباری اوقات رات گیارہ بجے تک بڑھانے کا اعلان کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب مارکیٹ پر مشکل وقت آیا تو اجمل بلوچ اور اس کے ساتھی کھڑے رہے اور سابقہ یونین کے لوگ غائب ہوگئے وہ اب تاجروں کے پاس ووٹ مانگنے جاتے ہیں تو ان کو سخت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے آبپارہ مارکیٹ کے تاجر بہت باشعور ہیں وہ انشاء اللہ شاہین تاجر اتحاد گروپ کو 24 جون کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں گے۔

شاہین تاجر اتحاد گروپ کے نائب صدر محمد عباس اور فنانس سیکریٹری شوکت عباسی نے کہا کہ کامیابی کے بعد انشاءاللہ مارکیٹ کے مسائل حل کروانے میں دن رات ایک کر دیں گے سی ڈی اے سے آبپارہ کو ماڈل مارکیٹ کا درجہ دلایا جائے گا انہوں نے کہا کہ آبپارہ متوسط درجے کے شہریوں کی مارکیٹ ہے۔ صفائی اور سیوریج کا نظام بہتر بنوائیں گے۔ کارنر میٹنگ سے مانی بٹ، شفیق عباسی اور ابوبکر نے بھی خطاب کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں