استحکام پاکستان پارٹی سے ملک کی سیاست پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد(ویب ڈیسک)مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی سے ملک کی سیاست پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملکی سیاست پر استحکام پارٹی کا اثر پڑا تو منفی ہی ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی پرفارمنس کے بارے میں عوام الیکشن والے دن بتائیں گے، پاکستان کا بجٹ کوئی بھی بنا سکتا ہے، پیسے ادھار لیں اور بجٹ بنا لیں

اس سے قبل سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ چار سال سے عدالت آ رہا ہوں، ابھی تک کیس چلا ہی نہیں، میرے خلاف الزام لگایا تھا تو کیس چلائیں۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ میرے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے تو نیب کو معافی مانگنی چاہیے، حکومت نیب ادارہ ختم کرے، نیب جیسا ادارہ ہو گا تو ملک ترقی نہیں کرے گا۔

علاوہ ازیں احتساب عدالت اسلام آباد میں شاہد خاقان عباسی اور دیگر کے خلاف ایل این جی ریفرنس کی سماعت ہوئی۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایل این جی ریفرنس کی سماعت کی۔

سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی اپنے وکیل کے ساتھ احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔

وکیل صفائی نے کہا کہ الزام ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے ملی بھگت سے ایل این جی کا ٹھیکہ دیا، انہوں نے نہیں بلکہ کابینہ نے متفقہ فیصلہ کیا۔

احتساب عدالت نے کیس کی سماعت 16 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ ایل این جی ریفرنس میں آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلاء دلائل جاری رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں