گرے لسٹ سے نکلنےکاجشن مناناقبل ازوقت ہے،کریڈٹ کسی کا نہیں،پاکستان کی جیت ہے،حناربانی کھر

اسلام آباد(نیوزٹویو) وزیرمملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف  کی گرے لسٹ سے نکلنے کے معاملے پر جشن منانا قبل ازوقت ہے ابھی تو گرےلسٹ سے نکلنے کا عمل شروع ہوا ہے ہمیں کوششیں جا ری رکھنی ہوں گی خوشی ہے کہ ایف اے ٹی ایف نے پا کستان کو کلئیر کر دیا ہے گرے لسٹ سے نکلنے پر پاکستان کی معشیت پر اچھے اثرات مرتب ہوں گےایف اے ٹی ایف نے بیک وقت 2ایکشن پلان دئیے۔ ایف اے ٹی ایف نے پا کستان کے دونوں پلان کو مکمل قرار دیا ہے دفتر خارجہ میں سیکرٹری خارجہ کے ہمراہ پریس کا نفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گرد کارروائیوں میں مالی معاونت کو روکا، مشکل وقت میں ہم نے ایک قوم بن کر کام کیا، ہم جانتے ہیں گرے لسٹ سے نکلنا کتنا مشکل کام ہے، امید ہے پاکستان ہمیشہ کے لیے فیٹف کی گرے لسٹ سے نکل جائےگا۔ حنا ربانی کھرنے کہا کہ مشاورت کے بعد فیٹف ٹیم جلد پاکستان آئے گی، یہ اختتام نہیں آغازہے، ہم اپنی کوشش نہیں چھوڑیں گے، ہم چاہتے ہیں فیٹف غیرجانبدار رہے، خوشی ہے کہ ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو کلیئر کر دیا ہے۔وزیر مملکت نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف نے اپنے اجلاس میں پاکستانی اقدامات کا جائزہ لیا، اس حوالے سے دہشت گردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ روکنے کے لیے اقدامات پر عمل میں سرفہرست تھے، پاکستا ن کی جانب سے تمام شرائط پوری کرنے کی کوششوں کو تسلیم کر لیا گیا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ فیٹف نے اعتراف کیا کہ پاکستان نے دہشت گردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ روکنے کے لیے محنت کی، فیٹف نےکہا کہ پاکستان نے شرائط مکمل کرنے کے لیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، رکن ممالک کی جانب سے پاکستان کی کارکردگی کی تعریف کی گئی۔ ایف اے ٹی ایف کی ٹیم پاکستان کا دورہ کر کے شرائط کی تکمیل کامزید جائزہ لے گی، اس میں شک نہیں کہ فیٹف کی شرائط مشکل تھیں، امید ہے اکتوبر تک گرے لسٹ سے نکلنے کا عمل مکمل ہوجائے گا، اس سلسلے میں ہم ایف اے ٹی ایف حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

انہوں نےبتایا کہ فیٹف اجلاس کے دوران سائیڈ لائن پر مختلف رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوئیں، حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں مگر ریاست نے جو کام کیا وہ قابل تعریف ہے، پاکستان دیگر ممالک کے لیے بھی ماڈل ملک بنے گا، پہلے ایکشن پلان کی تکمیل میں وقت لگا مگر دوسرا جلد مکمل کیا گیا۔جب کسی ملک کو گرے لسٹ سے نکالا جاتا ہے تو تکنیکی ٹیم کو دورہ کرنا ہوتا ہے، پاکستان کا فیٹف اور عالمی برادری سے تعاون معیشت کو بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے اس سلسلے میں قومی اور صوبائی اداروں نے بھی اپنا کام بہترین انداز میں کیا، ہم اب اس پوزیشن میں آچکے ہیں کہ دوسرے ممالک کومعاونت فراہم کریں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ اب پاکستان کے ذمے کوئی اقدامات زیرالتوا نہیں، ایک ملک ہمیشہ اس عمل کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کرتا ہے مگر ہم کوئی منفی بات نہیں کریں گے، ہم پاکستان کو آگے دیکھنے کے خواہاں ہیں، اس معاملے کا کریڈٹ کسی کو نہیں جاتا اصل جیت پاکستان کی ہے۔
 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں