گوادر احتجاج پاکستان کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ، شہباز شریف

اسلام آباد(ویب نیوز)مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ گوادر میں جاری احتجاج ہمارے ملک کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ ہے۔ یہ لوگ اپنے بنیادی آئینی حقوق کی جدوجہد میں خود باہر نکلے ہیں اور احتجاج کی قیادت بھی خود کر رہے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ گوادر میں جاری احتجاج آئین پاکستان کے ذریعے ضمانت دیئے گئےبنیادی حقوق کی جدوجہد کے حوالے سے اہم واقعہ ہے۔ واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع گوادر میں گوادر کو حق دو تحریک کا احتجاجی دھرنا تقریباً 30 روز سے جاری ہے۔

اس سلسلے میں گوادر میں ریلی بھی نکالی گئی۔ جس میں گوادر کے علاوہ مکران کے مختلف علاقوں سے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی آواز سنےاور ان کے مسائل فوری حل کرے۔گوادر تحریک کے شرکاء سمندر میں غیر قانونی ٹرالنگ روکنے، مکران میں چیک پوسٹوں کے خاتمے اور گوادر کو پینے کے پانی کی فراہمی سمیت دیگر مطالبات کے حق میں احتجاج کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں