گوادر میں پاک بحریہ کاہیلی کاپٹرگرکرتباہ،حادثے میں2افسران سمیت3جوان شہید

اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) گوادر میں پاک بحریہ کا تربیتی ہیلی کاپٹر معمول کی پرواز کے دوران فنی خرابی کے باعث گرکر تباہ ہوگیا پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں 2 افسران سمیت 3 جوان شہید ہوگئے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق گوادر میں پاک بحریہ کا ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا۔ ہیلی کاپٹر دوران پرواز ممکنہ فنی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوا۔انہوں نے کہا کہ حادثے کے نتیجے میں پاک بحریہ کے دو افسران اور ایک جوان نے جام شہادت نوش کیا۔

ترجمان نے کہا کہ پاک بحریہ کی جانب سے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے گوادر میں پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں تین جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔

سابق صدر آصف عالی زرداری نے بھی گوادر میں ہیلی کاپٹر حادثے کے نتیجے میں تین جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر مریم نواز نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گوادر میں پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے اور اس کے نتیجے میں ہونے والی شہادتوں پر بے حد افسوس ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ ﷲ تعالیٰ سے دعا ہےکہ وہ شہید ہونے والے جوان اور افسران کے درجات بلند فرمائے، قوم کے یہ بیٹے قوم کا فخر ہیں، اللّہ ان کے خاندانوں کو صبرِ جمیل اور اجر عطا فرمائے۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے بھی گوادر میں پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ویب سائٹ ایکس پر قومی اسمبلی کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ راجا پرویز اشرف نے حادثے کے نتیجے میں پاک بحریہ کے افسران کے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں