گورنر خیبرپختونخوا نےصوبائی اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ دےدی

پشاور(نیوزٹویو) گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلامی علی نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظرالیکشن کمیشن آف پاکستان کوخیبرپختونخوا کی صوبائی اسمبلی کےانتخابات 8 اکتوبر کو کرانے کی تجویزدےدی ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نےالیکشن کمیشن آف پاکستان کو اپنے خط میں 8اکتوبر کی تجویزدیتے ہوئےلکھا ہے کہ 22 مارچ کو الیکشن کمیشن نے متعدد وجوہات کی بنا پر پنجاب اسمبلی کے انتخابات 8 اکتوبر کو کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔حالیہ دنوں صوبے میں دہشت گردی کی لہر میں اضافہ ہو رہا ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر دہشت گردی کی بڑی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

گورنر حاجی غلام علی نے خط میں لکھا ہے کہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں شمالی وزیرستان میں سرحد پر فائرنگ، کوہاٹ میں پاک فوج کی گاڑی پر حملہ، 15 مارچ کو جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا شدید تبادلہ، 19 مارچ کو ضلع خیبر کی پولیس اسٹیشن پر فائرنگ، تین فوجی جوانوں کی شہادت کے بعد ڈیرہ اسمٰعیل خان میں چھاپوں کے پیش نظر پولیس اسٹیشن پر حملہ، 21 مارچ کو شمالی وزیرستان میں فوجی دستے پر حملے میں برگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی کی شہادت شامل ہیں۔

انہوں نےلکھا ہے کہ چونکہ الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات 8 اکتوبر کو کرنے کا فیصلہ کیا ہے لہٰذا یہ درخواست کی جاتی ہے کہ عوامی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے خیبرپختونخوا اسمبلی کے الیکشن بھی 8 اکتوبر کو کرائے جائیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے 30 اپریل بروز اتوار کو پنجاب میں صوبائی اسمبلی کے عام انتخابات ملتوی کردیے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں