ہرخطرے کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں،پا ک فوج

راولپنڈی(نیوزٹویو)پاکستان کی عسکری قیادت نےعزم ظاہر کیا ہے کہ مسلح افواج ہر طرح کے خطرات کا بھرپوراورمنہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار ہے۔پاکستان کی مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا اجلاس ہوا۔اجلاس کی صدارت چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کی، اجلاس میں تینوں سروسز چیفس نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خطے میں دیرپا ترقی کے لئے افغانستان میں امن کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ درپیش چیلنجز، تینوں مسلح افواج کے ورک پلان اور آپریشنل تیاریوں پر بھی گفتگوکی گئی اور عسکری قیادت نے دفاعی افواج کی تیاریوں پر مکمل اطمینان اور اعتماد کا اظہارکیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس کے دوران ہر طرح کے خطرات کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دینے کے لئے مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کیا گیا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو بھی بھرپور انداز میں سراہا گیا۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ندیم رضا نے پاکستان کو درپیش ہر طرح کے دفاعی و سلامتی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مسلح افواج کے مربوط اشتراک کو سراہا اور کہا کہ جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز قومی امنگوں کے مطابق کام کررہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں