ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مسیحی برادری کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں، عارف علوی

کراچی(نیوزٹویو)صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہےکہ ملک میں امن اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مسیحی برادری کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں۔
صدر مملکت عارف علوی نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حضرت عیسیٰ کی محبت ، ہمدردی اور امن کی تعلیمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں، مسیحی برادری نے ملک کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ اسلام اقلیتوں کے حقوق کو مکمل تسلیم اور ان کا تحفظ کرتا ہے، پاکستان میں اقلیتوں کو تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں، ملک میں امن اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مسیحی برادری کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں۔
دوسری جانب صدر مملکت نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر دیے گئے بیان میں کہا کہ بابائے قوم کے147 ویں یوم پیدائش پرپاکستانی عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، قائداعظم کی انتھک محنت سے برصغیرکے مسلمانوں کیلئے ایک علیحدہ وطن کا قیام عمل میں آیا۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ قائداعظم مسلمانوں کیلئے ایک علیحدہ وطن کے نظریے پر پختہ یقین رکھتے تھے، بابائے قوم کے وژن، ان کی قیادت اور مدبرانہ انداز نے ایک جمہوری اور جامع پاکستان کی بنیاد رکھی، پاکستان نے چیلنجز کے باوجود مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں