یوم پاکستان،مسلح افواج کی شاندار پریڈ،ائرفورس کے طیاروں‌کا فلا ئی پاسٹ‌کا مظاہرہ، جنگی ہتھیاروں‌کی نمائش

اسلام آباد(نیوزٹویو)ملک بھر میں آج یومِ پاکستان بھرپور ملی اورقومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے،صدر،وزیراعظم ، جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی اور افواج پاکستان کے سربراہان نے قوم کو مبارکباد دی ہے۔اس موقع پر اسلام آباد میں مسلح افواج کے دستوں کی جانب سے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا گیا،سعودی عرب کےوزیردفاع شہزادہ خالدبن سلمان بن عبدالعزیزالسعود پریڈ کے مہمان خصوصی تھے۔
یوم پاکستان کے موقع پر ملک بھر میں توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز کیا گیا، مساجد میں وطن عزیز کی سالمیت اور ترقی وخوشحالی کی دعائیں کی گئیں۔
یوم پاکستان پر اسلام آباد میں مسلح افواج کی روایتی پریڈ کی جارہی ہے، تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، مسلح افواج کے جوانوں کی مہارت کاشاندار مظاہرہ کیا، چین اور برادر پڑوسی ملک چین اور آزربائیجان کے فوجی دستے بھی پریڈ میں شامل ہیں۔
صبح سویرے اسلام آباد شکرپڑیاں کے پریڈ گراؤنڈ میں پاکستان رینجرز کے دستوں نے رینجرز ایگزی بیشن ڈرل کاشاندار مظاہرہ کیا، ڈرل کے دوران رینجرز کے دستوں نے ذہنی وجسمانی صلاحیتوں کوشاندار انداز میں شرکا کے سامنے پیش کیا۔آرمی اسکول آف میوزک کے دستے نے بھی سولو ڈرم کامظاہرہ کرکے دیکھنے والوں پرسحرطاری کردیا۔
تقریب میں صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف ،وفاقی وزرااور آرمی چیف سمیت ملکی وغیرملکی شخصیات نے شرکت کی۔
یوم پاکستان پریڈ میں جنگی ہتھیاروں کی نمائش کے ساتھ ساتھ پاکستان ائیرفورس کے جدید ترین طیارے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا اور فوجی دستوں نے سلامی پیش کی، مسلح افواج کی پریڈ دیکھنے کے لیے عوام کی بڑی تعداد بھی شکر پڑیاں گراؤنڈ میں موجود رہی
مسلح افواج کے لڑاکا طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کیا، فلائی پاسٹ میں میراج لڑاکا طیارے، پاکستان کی پہچان جے ایف 17 تھنڈر شامل تھے، فلائی پاسٹ میں ونگ کمانڈر حسن صدیقی کی قیادت میں ایف 16 لڑاکا طیاروں نے شاندار مظاہرہ کیا۔فلائی پاسٹ میں ایف 7 پی جی چیتا اور جے 10 سی، پاک فضائیہ کے ٹرانسپورٹ طیارے سی ون تھرٹی، جدید ترین جاسوسی نظام سے لیس طیاروں، پاک بحریہ کے اینٹی سب میرین لڑاکا طیاروں، پاک بحریہ کے اینٹی سب میرین لڑاکا طیاروں نے شاندار مظاہرہ پیش کیا۔
یوم پاکستان کی مناسبت سے اسلام آباد کے شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور شاعر مشرق علامہ اقبال کی تصویروں کے بل بورڈز نصب کیے گئے اور گراؤنڈ کو خصوصی طور پر خوبصورت پھولوں اور پودوں سے سجایا گیا۔
یوم پاکستان کی پریڈ میں گلگت بلتستان سکاؤٹس، چین اور آذربائیجان کے دستے بھی شامل ہوئے جبکہ وفاقی اکائیوں کی خوبصورت اور متنوع ثقافت کی نمائندگی کرنے والے روایتی فلوٹس بھی پریڈ کا حصہ تھے۔
دوسری جانب یوم پاکستان پر لاہور میں مزار اقبال پر تبدیلی گارڈز کی پروقار تقریب منعقد کی گئی، تقریب کے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل طارق محمود نے شرکت کی۔پاک فضائیہ کے چاک وچوبند دستے نے مزار اقبال پرذمہ داریاں سنبھال لیں، ستلج رینجرز کے دستے نے ذمہ داریاں پاک فضائیہ کے دستے کے حوالے کیں۔مہمان خصوصی ایئروائس مارشل طارق محمود نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی، ائیر وائس مارشل نے مہمانوں کی کتاب بھی تاثرات قلمبند کیے۔

واضح رہے کہ یوم پاکستان 23 مارچ 1940 کو آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد کی یاد میں منایا جاتا ہے جس کی روشنی میں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لیے ایک علیحدہ وطن کا خواب دیکھا تھا۔یہ قرارداد لاہور کے منٹو پارک میں پیش کی گئی تھی جہاں اس کی یادگار کے طور پر مینار پاکستان تعمیر کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں