یو اے ای کے صدر کا دورۂ پاکستان ملتوی

اسلام آباد(نیوزٹویو)موسم خرابی کے باعث متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کا دورۂ پاکستان ملتوی ہو گیا۔

ایک بیان میں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کو آج پاکستان کے دورے پر پہنچنا تھا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر کا دورۂ پاکستان ری شیڈول ہو گا۔انہوں نے کہا کہ صدر یو اے ای کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بات چیت طے تھی۔

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان وزیرِ اعظم شہباز شریف کی دعوت پر آج ایک روزہ دورے پر وفاقی دارالحکومت پہنچ رہے تھے۔وفاقی دارالحکومت میں خیر مقدمی بینرز آویزاں کیے گئے ہیں،اور آج اسلام آباد میں عام تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کو پی اے ایف نور خان ایئر بیس پر ایف 16 اور جے ایف 17 تھنڈرز طیارے سلامی پیش کی جانی تھی۔شیخ محمد بن زید النہیان کی وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ون آن ون ملاقات بھی طے تھی اور وزیرِ اعظم ہاؤس میں معزز مہمان کے اعزاز میں ظہرانہ کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔

اسلام آباد پولیس کے جاری کردہ بیان کے مطابق اماراتی وفد کی آمد کے پیش نظر دارالحکومت اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں، ریڈ زون اور اسلام آباد ایکسپریس پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں