احتساب عدالت سے توشہ خانہ اورالقادرٹرسٹ کیس میں عمران خان کے ورانٹ‌گرفتاری جاری

اسلام آباد(نیوزٹویو)احتساب عدالت اسلام آباد نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ کیسز میں وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں جبکہ نیب نے ان کیسز میں عمران خان کو آج ہی گرفتارکرنےکا فیصلہ کیا ہے۔ سائفر کیس میں قید سابق وزیراعظم عمران خان کی مشکلاتبڑھ گئیں ہیں ، اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ کیسز میں بھی وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں ۔
نیب کی جانب سے سابق وزیراعظم کے خلاف وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کیلئے احتساب عدالت میں درخواست دائر کی گئی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ہائیکورٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت نے کیا کیا؟۔
نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ یہ کیس اسلام اباد ہائیکورٹ میں زیر التواء ہے، عدالت نے نہ حکم معطل کیا اور نہ کوئی اسٹینڈنگ آرڈر جاری کیا جبکہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ نے وارنٹ تعمیل کرانے کی اجازت دے دی ہے۔عدالت کے استفسار پر پراسیکیوٹر نے گرفتاری کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ تفتیش کرنے اور انویسٹی گیشن مکمل کرنے کیلئے گرفتاری کی ضرورت ہے۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو قانون کے مطابق وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کیلئے اقدامات کا حکم دے دیا۔
دوسری طرف نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی کی فوری گرفتاری ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے، جیل میں وارنٹس کی تعمیل آج ہی کرائی جائے گی اور چیئرمین پی ٹی آئی کو وارنٹس کی کاپی اور گرفتاری کی وجوہات فراہم کی جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں