14مئی کوانتخابات کرانے کاحکم حتمی،حکومت 27اپریل تک فنڈز جاری کرے،سپریم کورٹ

اسلام آباد(نیوزٹویو)سپریم کورٹ نے وزارت دفاع اور الیکشن کمیشن کی پنجاب میں انتخابات تاخیرسے اور ایک ساتھ کرانے کی درخواستیں مسترد کردی ہیں اور کہا ہے کہ 14مئی کو انتخابات کرانے کا حکم حتمی ہوچکاہے حکومت 27اپریل تک الیکشن کمیشن کوفنڈزجاری کرے پنجاب میں انتخابات کیلئے فنڈز کی عدم فراہمی کے معاملے پر سپریم کورٹ نے 7 صفحات پر مشتمل تحریری حکمنامہ جاری کر دیا ہے۔ تحریری حکم نامے میں عدالت نے کہا ہے کہ آئین اسمبلی تحلیل ہونے کے 90 روز میں انتخابات کا کہتا ہے، سیاسی مذاکرات آئین سے متصادم نہیں ہونی چاہئیں، وزارت دفاع کی جانب سے کی گئی استدعا عدالت قبول نہیں کر سکتی، وزارت دفاع کی درخواست ناقابل سماعت ہونے کی بنیاد پر نمٹائی جاتی ہے۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ بادی النظر میں انتخابات کیلئے سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کا موقع دینے کی رائے درست ہے، مذاکرات کا موقع دینے کا ہرگز مطلب نہیں کہ سپریم کورٹ کا پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کرانے کا حکم ختم ہو گیا۔سیاسی مذاکرات مقررہ وقت میں الیکشن سےروگردانی کیلئےاستعمال نہیں ہونےچاہئیں،عدالت نےوقت کی قلت کومدنظررکھناہے۔

تحریری حکم نامے کے مطابق 14مئی کوانتخابات کےعدالتی حکم پرعمل میں مزاحمت کاسامناہے،ایک ہی روزالیکشن اسی صورت بہترہونگےجب سیاسی جماعتوں کی مشاورت شامل ہو، سیاسی جماعتیں سینئرعہدیدارکونمائندہ مقررکرکےعدالت بھیجیں۔ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کے موقف کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن عدالتی کارروائی کو دوبارہ سے نکتہ آغاز پر لانا چاہ رہا ہے، فنڈز کی عدم فراہمی سے متعلق وزارت خزانہ کی رپورٹ بھی ناقابل قبول قرار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں