190ملین پاؤنڈز کیس کے ماسٹر مائندفیض حمید ہیں،تحریک انصاف پر پابندی نہیں لگنی چاہیئے،فیصل واڈا

اسلام آباد(نیوزٹویو) پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سے جو کام کرا دیئے گئے ہیں وہ پابندی کیلئے کافی ہیں لیکن پی ٹی آئی پر پابندی نہیں لگنی چاہیے۔190ملین پاؤنڈز کیس کےحوالے سے مجھ سے بہت تفصیل سے سوالات ہوئے اس سارے معاملے کے ماسٹر مائنڈ فیض حمید ہیں،  اب تک کسی نے فیض حمید کا نام نہیں لیا، شہزاد اکبر اور کچھ آدمیوں کو بھگانے میں بھی فیض حمید کا ہاتھ ہے، فیض حمید کی باقیات سینیٹ اور دائیں بائیں موجود ہیں  نیب کو سب کچھ تحریری طورپر دیا ہے اور اس پر دستخط کیے ہیں، صدر صاحب نے جو کام کیا وہ دشمن بھی نہیں کر سکتا

نیب میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کے کیس میں کرپشن ڈھونڈنا کوئی راکٹ سائنس نہیں، امید ہے قانون اپنا راستہ لے گا۔اب تک ذمہ داری کا مظاہرہ کرتا آیا ہوں، میں 8 ماہ قبل پارٹی سے نکالا گیا، میں نے اس وقت بھی اصول کی بات کی، پی ٹی آئی 8 ماہ قبل آسمان سے باتیں کر رہی تھی، میں اس وقت خان صاحب کو بچا رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جو بھی چیزیں ہوئیں ان سے پاکستان کا نقصان ہوا، میں کسی کے باپ سے لے کر نہیں کھاتا، میں حق کی سیاست کرتا تھا آج بھی کر رہا ہوں، اتنا بڑا اربوں کا فائدہ دینے کا مقصد تھا کہ آپ نے تیاری پہلے سے کی ہوئی تھی۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ہمیں پیسے آنے جانے سے متعلق کوئی چیز نہیں بتائی گئی، عقل مند آدمی وہ ہوتا جو وقت پر باتیں بتا دے، میں نے خان صاحب کو بتایا تھا کچھ سانپ ان کی جگہ آنے والے ہیں، میں سب کی نشاندہی منہ پر کرتا تھا، آج پہلا قدم میں نے اٹھا لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان وہ آدمی نہیں تھے جو آج نظر آرہے ہیں، اللہ چاہے تو عمران خان پر کوئی آنچ بھی نہیں آسکتی۔ لیڈر وہ ہوتا ہے جو گدھے گھوڑے کا فرق سمجھے، اگر مجھے جانا ہوتا تو 6 مہینے پہلے جاچکا ہوتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں