21دسمبر کو لا ہور میں سی پیک انڈسٹریل کوآپریشن بی ٹو بی سرمایہ کاری کانفرنس ہو گی

سرمایہ کاری بورڈ (بی او آئی) نے حکومت پنجاب کے تعاون سے 21 دسمبر 2021 کو لاہور کے مقامی ہوٹل میں ”سی پیک انڈسٹریل کوآپریشن بی ٹو بی سرمایہ کاری کانفرنس“ کا اہتمام کیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سی پیک صنعتی تعاون بی ٹو بی سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کریں گے، کانفرنس اپنی نوعیت کی منفرد کانفرنسوں کی ایک کڑی ہے ۔سرمایہ کاری بورڈ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر مملکت و چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ (بی او آئی) محمد اظفر احسن اور سیکرٹری بی او آئی فارینہ مظہر کانفرنس سے کلیدی خطاب کریں گی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار مہمان خصوصی ہوں گے۔ تقریب کے دیگر مقررین میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سی پیک امورخالد منصور ، پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ ، چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق، وزیر صنعت و تجارت پنجاب میاں اسلم اقبال شامل ہیں۔ اس سال کے اوائل میں سرمایہ کاری بورڈ کی طرف سے شروع کی گئی ملک گیر کانفرنسوں کے سلسلے میں یہ کانفرنس کا پنجاب ایڈیشن ہے۔ پہلی کانفرنس مارچ 2021 میں خیبر پختونخوا چیپٹر کے طور پر پشاور میں منعقد ہوئی جس کو پاکستانی اور چینی نجی شعبے کے اداروں کی طرف سے بھرپور پذیرائی ملی ہے ۔ کانفرنس کا مقصد سی پیک سے متعلقہ خصوصی اقتصادی زونز کو فروغ دینا، سرکاری نجی شراکت کے منصوبوں میں سہولت فراہم کرنا، کامیاب بزنس ٹو بزنس جوائنٹ وینچرز کے لیے پاکستانی اور چینی کاروباری اداروں کی راہ ہموار کرنا اور پنجاب کے سرکاری شعبوں کے منصوبوں کی رونما ئی کرنا ہے۔ پنجاب کے تناظر میں کانفرنس میں جن ترجیحی شعبوں پر توجہ دی جا رہی ہے ان میں ٹیکسٹائل، زراعت اور لائیو سٹاک، آئی ٹی، ہائوسنگ اور تعمیرات اور گرین توانائی کے شعبے شامل ہیں۔ کانفرنس کے موقع پر نجی کمپنیوں کے درمیان چند مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کئے جا رہے ہیں۔ شرکاءکانفرنس میں عملی اور ورچوئل دونوں انداز میں شرکت کر سکیں گے۔ بہت سی کمپنیاں چین سے اپنے پراجیکٹ پروپوزل پیش کرنے کے لیے آن لائن شرکت کریں گی جس کے لیے وہ پاکستان میں جائنٹ وینچر شراکت دار تلاش کر رہی ہیں۔سرمایہ کاری بورڈ مستقبل میں اس طرح کی کانفرنسیں کراچی اور گوادر سمیت دیگر صوبوں میں بھی منعقد کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں