آلو بخارا صحت کے لیے انتہائی مفید

آلو بخارا جسے انگریزی میں ‘ڈیمسن یا ڈیمسن پلم’ کہا جاتا ہے، گرمیوں میں آنے والا مزیدار کھٹا میٹھا پھل ہوتا ہے جو ناصرف ذائقے میں لذیذ بلکہ صحت کے لیے بھی انتہائی مفید ہوتا ہے۔ آلو بخارے میں دیگر پھلوں کے مقابلے میں شوگر کی مقدار قدرے زیادہ پائی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ وٹامن سی کا خزانہ ہے۔ اس میں وٹامن بی ٹو (رائیبو فلیون) اور ڈائیٹری فائبر بھی پائے جاتے ہیں۔ پوٹاشیم، میگنیشیم، فاسفورس اور میگنیز سمیت آلو بخارا اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتا ہے جو انسانی جسم کے لیے بہترین ثابت ہو سکتے ہیں۔ ایسے افراد جنہیں معدے کے مسائل کا سامنا رہتا ہے وہ آلو بخارے لازمی کھائیں۔ اس پھل میں دیگر پھلوں کی نسبت زیادہ ڈائیٹری فائبر پائے جاتے ہیں جو نظام ہاضمہ کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ قبض کی شکایت کو بھی دور کرتا ہے۔آٓلو بخارے میں موجود فائبر جسم کو زیادہ سے زیادہ غذائیت کی مقدار فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ وزن میں کمی کے خواہشمند افراد کے لیے بھی انتہائی فائدہ مند ہے۔ وہ افراد جنہیں کولیسٹرول اور دل کی بیماری ہو وہ آلو بخارے کو اپنی غذا کا حصہ بنائیں، یہ جسم میں کولیسٹرول کی سطح کو بڑھنے نہیں دیتا اور اس کی زیادتی کو گھٹانے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔ علاوہ ازیں اس میں موجود پوٹاشیم بلڈ ویسلز اور قلبی نظام کے تناؤ میں کمی واقع کرتا ہے۔ عمر رسیدہ افراد جن کو ہڈیاں کمزور ہونے کی شکایت ہے وہ آلو بخارے کا استعمال جاری رکھیں۔ اس پھل میں موجود منرلز میگنیز، کاپر، آئرن اور فاسفورس ہڈیوں کی صحت کے لیے بہت فائدہ مند ہیں۔ آلو بخارے میں موجود وٹامن سی انسان مدافعتی نظام کیلئے بھی بہترین ہے۔ اس کے علاوہ یہ پھل جلد اور بالوں کے لیے بھی بہت اچھا ہے۔ فائٹوتھراپی ریسرچ میں شائع یونیورسٹی آف ولونگونگ آسٹریلیا کی تحقیق کے مطابق آلو بخارے میں موجود فائٹو نیوٹرینٹس خواتین میں ہونے والے چھاتی کے سرطان کے خلیوں کی نشونما کو روک سکتے ہیں لہٰذا یہ خواتین کو لازمی کھانا چاہیے۔ آلو بخارے میں موجود وٹامن سی اور میگنیشیم اچھی اور پرسکون نیند کے لیے بھی بہترین ثابت ہوتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں