اسلام آباد ہائیکورٹ ججز کے خط کا معاملہ، وزیراعظم اور چیف جسٹس کی ملاقات جاری

اسلام آباد(نیوزٹویو)اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی جانب سے لکھے گئے خط کے تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف کی سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ سے ملاقات جاری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ سے ملاقات کے لیے کچھ دیر قبل سپریم کورٹ پہنچے تھے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور چیف جسٹس پاکستان کی ملاقات شروع ہو گئی ہے، ملاقات میں سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج منصور علی شاہ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل منصور عثمان بھی شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق رجسٹرار سپریم کورٹ جزیلہ اسلم بھی ملاقات میں موجود ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم اور چیف جسٹس پاکستان کی ملاقات چیف جسٹس کے چیمبر میں ہو رہی ہے۔
ملاقات میں اسلام آباد کے ججز کے ایجنسیوں پر الزامات اور ٹیکس کیسز کے جلد فیصلوں کے بارے میں غور کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے خط کے معاملے پر گزشتہ روز چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت سپریم کورٹ کا فل کورٹ اجلاس ہوا تھا۔
اجلاس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط پر غور کیا گیا اور ججز کے خط کی آئینی و قانونی حیثیت کا جائزہ لیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں