الیکٹرانک ووٹنگ مشین ووٹ چوری کرنے کا منصوبہ ہے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) ووٹ چوری کرنے کا منصوبہ اور پاکستان میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (پی ایم ڈی اے) اس دھوکے کو چھپانے کا بندوبست ہے۔ ترجمان ن لیگ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی دونوں کو مسترد کرتے ہیں کیونکہ یہ دونوں غیر آئینی ہیں۔ مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کی الیکشن اصلاحات اور میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کو کالا قانون قرار دیتے ہوئے کہا کہ ای وی ایم الیکشن چوری کا منصوبہ اور پی ایم ڈی اے اُس دھوکے کو چھپانے کا بندوبست ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب نالائق حکومت میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے کالے قانون کو پاس کروانے کی تیاری کر رہی ہے، لیکن میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی لانے سے ان کی نالائقی، نااہلی اور کرپشن نہیں چھپے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ووٹ کا حق چھیننے دیں گے اور نہ ہی اظہار کی آئینی آزادی سلب کرنے دیں گے، مغرب کی مثالیں دینے والا آئینی حقوق اور شہری آزادیوں کے معاملے میں بدترین آمر نکلا۔ ترجمان ن لیگ کا کہنا تھا یہ چاہتے ہیں کہ ان کی سرپرستی میں کرپشن جاری رہے اور کوئی نہ بولے، یہ چاہتے ہیں کہ آٹا، چینی، ادویات، گیس، بجلی کے نام پر قوم کو لوٹتے رہیں اور کوئی نہ بولے، چور ،کرپٹ اور جھوٹا ٹولہ چاہتا ہے کہ کشمیر فروشوں سے کوئی سوال نہ کرے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان مافیا پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی چاہتی ہے کہ اُن کو کوئی بے نقاب نہ کرے، یہ چاہتے ہیں کہ معیشت کو قتل کریں، بےروزگاری کا عذاب لائیں اور کوئی نہ بولے، عمران صاحب سچ بولنے والوں کو آپ ختم نہیں کر سکتے اور نہ غلام بنا سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں