ایس آئی ایف سی پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کےلیےآسانیاں پیدا کررہاہے،نگران وزیراعظم

اسلام آباد (نیوزٹویو)پا کستان امریکہ کو نمک برآمد کریگا اس حوالےسے منگل کو وزارت توانائی کے زیراہتمام پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن اور امریکی فرم کے درمیان ہمالیائی نمک کی قدر میں اضافے اور برآمد کے مشترکہ منصوبے کے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
اس موقع پر نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ملک کی معاشی ترقی کیلئے مختلف شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے میں اہم کردار ہے، نمک کی کان کنی کے شعبہ میں امریکی کمپنی کی 200 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاس ہے، انسانی اور قدرتی وسائل پاکستان کو مستحکم، خوشحال اور ابھرتا ہوا ملک بنائیں گے۔
نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان انتظامی امور اور معاشی بحران کے حل کیلئے موثر اقدامات کررہا ہے، کھیوڑہ کی مصنوعات کو دنیا میں متعارف کروا رہے ہیں، نمک کی قدر میں اضافے سے برآمد بڑھے گی۔امریکا ہمارا تجارتی شراکت دار ہے، دونوں ممالک میں دوطرفہ تجارت کے فروغ سے معیشت مضبوط ہوگی، پاکستان کی مائنز کے شعبہ میں کارکردکی حوصلہ افزا ہے۔
انہوں نےکہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ملک ہے، یہاں شعبہ آئی ٹی، معدنیات اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، بیرونی سرمایہ کاری سے شعبہ معدنیات میں اصلاحات لا رہے ہیں۔ایس آئی ایف سی کان کنی، آئی ٹی، زراعت، لائیو اسٹاک پر کام کررہی ہے، ایس آئی ایف سی سرمایہ کاروں کیلئے ون ونڈو آپریشن مہیا کر رہی ہے، پاکستان سرمایہ کاروں کیلئے آسانیاں پیدا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھیوڑہ کی معیاری مصنوعات کو دنیا میں متعارف کرا رہے ہیں، عالمی سطح پر سرمایہ کاری سے مقامی افراد کو روزگار ملے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں