دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کا گٹھ جوڑ توڑنے کیلئے پر عزم ہیں،آرمی چیف عاصم منیر

راولپنڈی(نیوزٹویو) پاکستان کی مسلح افواج کے سرابرہ جنرل عاصم منیرنے کہا ہے کہ پاک فوج کی توجہ سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے پر مرکوز ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے جمعہ کو شمالی وزیرستان اور تربیلا کا دورہ کیا ہے۔ کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہرحیات نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔آرمی چیف نے یادگار شہداء پر پھول رکھے۔ سپہ سالار نے افسران اور جوانوں کے ساتھ بات چیت بھی کی۔ اس موقع پر آرمی چیف کو مغربی سرحدوں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔

آئی ايس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاک افغان سرحد پر فرنٹ لائن دستوں کا بھی دورہ اور پیشہ ورانہ مہارت، بلند حوصلے اور آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی۔

ترجمان کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کا گٹھ جوڑ توڑنے کیلئے پر عزم ہیں، فوج سماجی اقتصادی ترقی کے ذریعے دیرپا امن یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ قوم اور سیکیورٹی فورسز کی عظیم قربانیوں سے امن ممکن ہوا ہے، پاک فوج محنت سے حاصل کئے گئے امن کو مزید مستحکم کرے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل نے ایس ایس جی ہیڈکوارٹرز تربیلا میں افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔ جنرل عاصم منیر نے ایلیٹ ضرار کمپنی سے بھی ملاقات کی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ایلیٹ ضرار کمپنی نے بنوں آپریشنز کے ساتھ ساتھ ایوی ایشن میں بہادری دکھائی۔ آرمی چیف نے کی مختلف آپریشنز میں کمپنی کے جذبے، قربانیوں اور عزم کی تعریف کی۔آرمی چیف نے کہا کہ ایس ایس جی قوم کا فخر ہیں جنہوں نے برسہا برس اپنی طاقت کا لوہا منوایا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں