سینٹورس مال میں لگی آگ پر قابوپالیاگیا، وزیرداخلہ کاتحقیقات کاحکم،رپورٹ تک بلڈنگ سیل رکھنےکافیصلہ

اسلام آباد(نیوزٹویو) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلیو ایریا میں واقع سب سے بڑے شاپنگ مال سینٹورس میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا جس کے بعد کولنگ کا عمل جاری ہے۔ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو آگ لگنے کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ شاپنگ مال کے چوتھے فلورپرفوڈ کورٹ سے شروع ہوئی۔ آگ پر قابو پانے کیلئے نیوی اور دیگر اداروں کی فائر بریگیڈز بھی طلب کرلی گئیں، آگ لگنے سے آسمان پر دھویں کے بادل چھاگئے۔تفصیلات کے مطابق آگ کے شعلوں نے شاپنگ مال کے 8 فلورز کو اپنی لپیٹ میں لیا، فائر بریگیڈ اور ریسکیو کی 8  جبکہ میٹروپولیٹن کی تمام 12 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف رہیں۔ اسلام آباد پولیس کے مطابق آگ بجھانے کے لئے ہیلی کاپٹر بھی طلب کیا گیا تھا جبکہ لوگوں کو مال سے نکالنے کے لئے عقبی دروازے کا استعمال کیا گیا، واٹر سپلائی کے ٹینکر بھی متاثرہ جگہ پہنچائے گئے۔ ریسکیو کی مدد سے شاپنگ مال میں موجود تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔ چیف کمشنر اسلام آباد کاروائیوں کا جائزہ لینے خود موقع پر پہنچ گئے جبکہ آئی جی اسلام آباد بھی جائے وقوعہ پر موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آبادعرفان نواز میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آگ لگنے کے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، فوری طور پر بلڈنگ کو سیل کیا جارہا ہے۔ آگ لگنے کے بعد تمام لوگوں کو عمارت سے باہر نکال لیا گیا تھا، کمیٹی بنا رہے ہیں جس کی رپورٹ کے بعد شاپنگ مال کھولا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ عمارت میں کولنگ کا عمل جاری ہے، ہماری بڑی کرینز نے آگ پر قابو پانے میں بہت مدد کی، آڈٹ کریں گے کہ کیا بلڈنگ کا آگ بجھانے کا اپنا نظام موجود تھا یا نہیں۔

 دوسری جانب ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ریسکیو آپریشن مکمل ہونے پر شاپنگ مال کی عمارت کو ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے حکم سے سیل کر دیا جائے گا، آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات تک عمارت سیل رہے گی، کسی کو بھی شاپنگ مال میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔

مال انتظامیہ کے مطابق نجی مال میں آتشزدگی شاپنگ مال کے اندر فائر فائٹنگ سسٹم مکمل آپریشنل ہونے کے باعث آگ پر جلد قابو پانے میں مدد ملی، آگ بھڑکنے کے فوری بعد ہی 20 افراد پر مشتمل فائر فائٹنگ ٹیم نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا، مال کے بیرونی حصے میں آگ پھیلنے پر فوری فائر بریگیڈ کو بھی بلا لیا گیا، مال کے اوپر والے فلورز پر آگ بجھانے کیلئے فائر بریگیڈ سے مدد طلب کی گئی۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اسلام آباد کے نجی مال میں لگنے والی آگ کا نوٹس لیتے ہوئے اسلام آباد انتظامیہ اور فائربریگیڈ کے عملے کو آگ پر قابو پانے کےلئے تمام وسائل استعمال کرنے کی ہدایت کی تھی۔ اورانہیں کہاتھا کہ آگ بجھانے کیلئے متعلقہ محکموں سے ہیلی کاپٹر کی سہولت سے بھی استفادہ کی جائے، مال میں پھنسے تمام افراد کو بحفاظت نکالا جائے، مال میں آگ لگنے کو وجوہات کا جائزہ لیکر ذمہ داران کا تعین کیا جائے آگ لگنے کی مفصل رپورٹ وزارت داخلہ جمع کرائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں