صدر مملکت نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تاریخ دے دی

اسلام آباد(نیوزٹویو)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تاریخ دے دی.صدر نے الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 57 ایک کے تحت 9 اپریل بروز اتوار پنجاب اور کے پی کی صوبائی اسمبلیوں کیلئے انتخابات کا اعلان کر دیا۔
عارف علوی نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایکٹ کے سیکشن 57 دو کے تحت الیکشن کا پروگرام جاری کرے، آئین کے تحت آئین کے تحفظ اور دفاع کا حلف لیا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ عدالتی فورم سے کوئی حکم امتناع نہیں، حکم امتناع نہیں لہٰذا سیکشن57 ایک کے تحت اختیار کے استعمال میں کوئی رکاوٹ نہیں، آئین اور قانون 90 دن سے زائد کی تاخیر کی اجازت نہیں دیتا، دونوں آئینی دفاتر “پہلے آپ نہیں، پہلے آپ” کی طرح گیند ایک دوسرے کے کورٹ میں ڈال رہے ہیں، اس طرزِ عمل سے تاخیر اور آئینی شقوں کی خلاف ورزی کا سنگین خطرہ پیدا ہو رہا ہے۔
عارف علوی نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنے مختلف خطوط میں انتخابات کی ممکنہ تاریخوں کا اشارہ دے چکا ہے، ان خطوط میں 90 دن کے اندر انتخابات کروانے کی الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ظاہر ہوتی ہے۔
انتخابات کی تاریخ کے اعلان کیلئے الیکشن کمیشن سے مشاورت کا سنجیدہ عمل شروع کیا، الیکشن کمیشن نے اس موضوع پر ہونے والے اجلاس میں شرکت سے معذرت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں