عمران خان کی نومئی سے متعلق 3مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں 4اپریل تک توسیع

لاہور(نیوزٹویو) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق وزیراعظم اوربانی تحریک انصاف عمران خان کی نو9مئی سے متعلق 3 مقدمات میں عبوری ضمانت میں 4 اپریل تک توسیع کر دی ہے۔ عمران خان کی جناح ہاؤس، عسکری ٹاور حملہ اور تھانہ شادمان نذرِ آتش کرنےکے مقدمات میں عبوری ضمانتوں پر انسداد دہشت گردی عدالت کے ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے سماعت کی۔
عمران خان کے جونیئر وکلا کی ٹیم عدالت میں پیش ہوئی، عدالت نے ملزم کی اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک پر حاضری مکمل کرانے کا حکم دیا۔
عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر سے عدالت نے دلائل طلب کر لیے، جونیئر وکلا کی ٹیم نے استدعا کی کہ سینیئر وکیل بیرسٹر سلمان صفدر مصروف ہیں، مہلت دی جائے۔جس پر عدالت نے عمران خان کی 3 مقدمات میں عبوری ضمانت میں 4 اپریل تک توسیع کر دی۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں