فلسطین پر اسرائیل کی بربریت 2023 کا سب سے ’زیادہ غمناک حصہ تھا، نگران وزیراعظم

اسلام آباد( نیوزٹویو) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ فلسطین پر اسرائیل کی بربریت 2023 کا سب سے ’زیادہ غمناک حصہ تھا۔‘ پیر کو نئے سال کے آغاز پرانہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ فلسطین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حکومت پاکستان کی جانب سے نئے سال کی کسی بھی تقریب کے انعقاد پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے 2024 کا استقبال سادگی سے کرنے کا فیصلہ کیا تھا
سال 2024 کے آغاز پر قوم کو مبادکباد دیتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ 2023 میں دنیا کو امن و امان اور قدرتی آفات کے جن بحرانوں کا سامنا رہا، نئے سال میں ان پر قابو پانے کے لیے مثبت پیش رفت ہو گی۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ’غزہ اور مغربی کنارے میں مظلوم فلسطینیوں خصوصاً معصوم بچوں کے قتل عام اور نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی پر پوری پاکستانی قوم اور اُمت مسلمہ شدید رنج کے عالم میں ہے وزیراعظم کاکڑ نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ’اقوام عالم 2024 میں فلسطین میں امن کے قیام ، اسرائیلی خون ریزی روکنے اور اس کے مسئلے کے منصفانہ حل میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ میری یہ خواہش اور امید ہے کہ سال 2024 میں مظلوم کشمیری عوام اپنے حق خود ارادیت کے حصول کے حوالے سے نئی کامیابیوں کی جانب بڑھے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ نئے سال کے آغاز پر میں اللہ تعالیٰ سے یہ دعا کرتا ہوں کہ سال 2024 ہمارے ملک پاکستان کے لیے ترقی اور خوشحالی کی نوید لے کر آئے۔
نگران وزیراعظم نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ نئے سال میں ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کی بہتری کے لیے کوششیں کریں گے اور ایک روشن مستقبل کی طرف قدم بڑھائیں گے۔نئے سال کا آغاز پاکستان اور پوری قوم کے لیے انتہائی اہم ہے کیونکہ ملک میں امن اور خوشحالی کا سفر تیزی سے اپنی منزل کی جانب گامزن ہے۔ مجھے یقین ہے کہ پاکستان پہلے سے زیادہ پرامن اور مضبوط معاشی ملک بن کر سامنے آئے گا۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ ’نئے سال کے آغاز پر میں معاشی صورت حال کی مزید بہتری، دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کی تکلیفوں میں کمی کے لیے اپنی حکومت کے عزم کو دہراتا ہوں۔ 2024 میں ہم سب کو مل کر پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور امن و آشتی کا گہوارہ بنانا ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں