قومی اتھرائیزیشن کمیٹی نے نیشنل لاجسٹکس سیل کو ٹی آئی آر آپریشن چلانے کی منظوری دے دی

راولپنڈی (نیوز ڈیسک)  انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ یونین کی قومی اتھرائیزیشن کمیٹی نے نیشنل لاجسٹکس سیل (این ایل سی) کو علاقائی ٹرانسپورٹ کے لئے ٹی آئی آر آپریشن چلانے کی منظوری دے دی ہے۔ ٹی آئی آر میں شمولیت سے بلا تاخیر سر حد پار نقل و حرکت کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ ٹی آئی آر میں عدم شمولیت پاکستان کے تجارتی عمل میں مفقود کڑی تھی جسے بین الااقوامی تجارت کے فروغ میں ناگزیر سمجھا  جاتا ہے۔ این ایل سی نے ترکی اور آذر بائیجان کے لئے ٹی آئی آر آپریشن چلانے کی منصوبہ بندی کی ہے۔ اس پیش رفت کا مقصد علاقائی   تجارت کو بڑھا کر پاکستان کے معاشی استحکام میں بطور قومی ذمہ داری مدد کرنا ہے۔ ٹی آئی آر سے خطے میں نئی منڈیوں تک کم لاگت میں رسائی سے پاکستان کی صنعتوں اور تاجر برادری کو نئے مواقع میسر آئیں گے۔ این ایل سی تاجر برادری کو رسد و ترسیل کی تمام خدمات فراہم کرے گاجو سمندری ذرائع کی نسبت کئی گناہ تیز تر ہوں گی۔ ترکی میں سمندر کے ذریعے سامان پہنچانے میں عموماً 27 سے 48 دن لگ جاتے ہیں جبکہ ٹی آئی آرکے ذریعے یہ وقت کم ہو کر آٹھ سے دس دن تک آ جائے گا۔ ٹی آئی آر کے ضمن میں ابتدائی طور پر ترکی، آذر بائیجان اور ترکمانستان کے لئے ٹرانسپورٹ روابط قائم کئے جائیں گے جنہیں بعد ازاں خطے کے دیگر ممالک تک بڑھایا جائے گا۔ ٹی آئی آر نہ صرف تجارت میں آسانی پیدا کرے گا بلکہ لاجسٹکس پرفارمانس انڈیکس میں   پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری کا موجب بھی ثابت ہوگا۔ ٹی آئی آر آپریشن کی اجراء سے پاکستان کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونے کے ساتھ ساتھ ان ممالک کو بھی فائدہ پہنچے گا جو ساحل سمندر سے محروم ہیں۔ ان ممالک کو بین الااقوامی تجارت کے لئے پاکستانی بندرگاہوں تک مختصر راستہ بھی میسر ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں