محکمہ موسمیات کی 30جون سے ملک میں مون سون بارشیں شروع ہونےکی پیشگوئی

اسلام آباد(نیوزٹویو) محکمہ موسمیات نے جمعرات 30جون سے ملک بھر میں مون سون بارش کا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 30 جون سے مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے ۔ رواں سال گزشتہ برس کے مقابلے میں زیادہ بارشیں ہوں گی۔ پاکستان کے کچھ علاقوں میں 10 سے 20 فیصد جبکہ کچھ علاقوں میں 20 سے 30 فیصد معمول سے زیادہ بارشیں ہوں گی۔

مون سون کے پہلے سپیل میں ہونے والی بارشوں کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 30 جون کو پاکستان کے شمال سے داخل ہونے والے سپیل سے پہلے مغربی سندھ اور بلوچستان میں بارشیں ہوں گی۔ جبکہ جولائی سے اگست کے درمیان تک مون سون کا پہلا سلسلہ دوسرے سلسلے کی نسبت زیادہ مرطوب ہو گا۔ پاکستان کے صوبہ پنجاب اور سندھ میں زیادہ بارشیں ہوں گی جبکہ باقی تمام علاقوں میں معمول سے کچھ زیادہ بارشیں ہوں گی۔ پاکستان کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کی وارننگ دی گئی ہے جبکہ صوبہ سندھ، پنجاب، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے بڑے شہروں کراچی، لاہور، فیصل آباد سمیت دوسرے شہروں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں