نازیہ حسن نے مظالم سے تنگ آکر شوہر اشتیاق بیگ مرزا سے طلاق لی تھی، زوہیب حسن

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان کی معروف گلوکارہ نازیہ حسن کے بھائی اور گلوکار زوہیب کا کہنا ہے کہ شوہر اشتیاق بیگ مرزا کے مظالم سے تنگ آکر ان کی بہن نے طلاق لے لی تھی۔ گلوکارہ کے بھائی زوہیب حسن کا کہنا تھا کہ میں نازیہ کے سابق شوہر کا نام بھی نہیں لینا چاہتا لیکن اشتیاق بیگ کے مظالم سے تنگ آکر نازیہ نے طلاق لی تھی۔ نازیہ کی موت سے پہلے ان کی اپنی  تصدیقی شہادت بھی موجود ہے جس میں سب کچھ واضح ہے۔ زوہیب حسن کا کہنا تھا کہ نازیہ خود طلاق کے لیے پاکستان ہائی کمیشن گئی تھیں۔ مرزا اشتیاق بیگ کی جانب سے یہ کہنا کہ میں نازیہ کے پیسوں پر پل رہا تھا، جھوٹ اور بکواس ہے۔ میں نازیہ کا ہیڈ آف اٹارنی ہوں اور اب مجھے سارے فیصلے کرنے ہیں۔ گلوکارہ کے بھائی نے بتایا کہ برطانوی عدالت نے نازیہ کے بچے کو والد کے حوالے کرنے سے انکار کیا، کئی سال سے نازیہ کا بچہ ہمارے پاس ہے جس نے اب تعلیم بھی حاصل کرلی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نازیہ کے سابق شوہر کہتے ہیں کہ میں نے بچے کے تعلیمی اخراجات اٹھائے۔ یہ سب بھی جھوٹ ہے۔ مرزا اشتیاق نے بچے کی دیکھ بھال سے متعلق کبھی ہم سے رابطہ تک نہیں کیا۔ زوہیب کا کہنا تھا کہ مرزا اشتیاق بیگ برطانیہ کی عدالت میں کیس کرنے کی دھمکی دیتے ہیں۔ بچے کی حوالگی سے متعلق مرزا اشتیاق بیگ ضرور  برطانوی عدالت جائیں۔ ان کا کہنا تھا نازیہ حسن فاؤنڈیشن سے متعلق بھی مرزا اشتیاق کے الزامات کی کوئی حیثیت نہیں ہے کیونکہ نازیہ حسن فاؤنڈیشن میں نہیں چلا رہا، میری والدہ چلاتی تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں