پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پہلی خصوصی پرواز کابل میں پھنسے غیرملکیوں کو لے کر اسلام آباد پہنچ گئی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) افغانستان کی فضائی حدود کمرشل پروازوں کے لیے کھلتے ہی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پہلی خصوصی پرواز کابل میں پھنسے غیرملکیوں کو لے کر آج صبح اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔ مزید پروازیں آج کابل جائیں گی۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے ترجمان عبداللّٰہ خان کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 6250 نے آج صبح 7 بجے اسلام آباد لینڈ کیا۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق افغانستان کی فضائی حدود کھلنے کے بعد پی آئی اے کی یہ پہلی خصوصی پرواز وطن واپس پہنچی ہے، یہ بوئنگ 777، پرواز پی کے 6249 کے طور پر بدھ کی شام اسلام آباد سے کابل پہنچا تھا۔ ترجمان کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پرواز نے بدھ کی رات وطن واپس آنا تھا مگر کابل ایئرپورٹ پر سیکیورٹی و انتظامی مسائل کی وجہ سے بورڈنگ مکمل ہونے میں تاخیر ہوئی۔ پی آئی اے کی پرواز پی کے 6250 نے مقامی وقت کے مطابق آج صبح 5 بج کر 55 منٹ پر حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کابل سے ٹیک آف کیا، 15 اگست کو افغانستان کی فضائی حدود بند ہونے سے قبل بھی پی آئی اے کے دو طیارے کابل سے غیرملکیوں کو پاکستان لاچکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق آج پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی مزید خصوصی پروازیں کابل جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں