تحریک انصاف کے انٹراپارٹی الیکشن 5فروری کوہوں گے،شیڈول جاری

اسلام آباد(نیوزٹویو) پاکستان تحریک انصاف نے انٹراپارٹی الیکشن کا شیڈول جاری کردیاشیڈول کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات 5 فروری کو ہوں گے، شیڈول پارٹی کے فیڈرل الیکشن کمشنر رؤف حسن نے جاری کیا ہے۔ ترجمان تحریک انصاف کے مطابق پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کیلئے پولنگ 5 فروری کو صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گی، 31 جنوری 2024ء تک رجسٹر تمام ارکان کو ووٹ ڈالنے کی اجازت ہوگی۔
شیڈول کے مطابق الیکشن میں حصہ لینے والے تمام پینلز کی تفصیل آفیشل ویب سائٹ اور رابطہ ایپلی کیشن پر دستیاب ہوگی، رجسٹر ممبران اپنی مرضی کے پینل یا چیئرمین کے امیدوار کے حق میں ملک بھر میں مختص مقامات یا رابطہ ایپلی کیشن پر ووٹ ڈال سکتے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کاغذات نامزدگی آج (یکم فروری) اور کل (2 فروری) پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ یا ویب سائٹ سے حاصل کئے جاسکیں گے جو 2 فروری کی رات 10 بجے تک جمع کروائے جا سکتے ہیں۔
شیڈول کے مطابق امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی مرکزی اور صوبائی سیکریٹریٹس اور ڈیجیٹلی بذریعہ ای میل بھی جمع کرا سکیں گے، 3 فروری کو اسکروٹنی کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرستیں 4 فروری کی شام 4 بجے ویب سائٹ پر شائع کی جائیں گی۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق انٹراپارٹی انتخابات کے نتائج کا باضابطہ اعلان 6 فروری کو کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں