پاکستان شدید بارشوں کے خطرے سے دو چار 20 ممالک میں شامل ہے،شیری رحمٰن

اسلام آباد(نیوزٹویو)وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ پاکستان شدید بارشوں کے خطرے سے دو چار 20 ممالک میں شامل ہے۔

شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ گلوبل انفارمیشن اینڈ ارلی وارننگ سسٹم کی رپورٹ میں پاکستان شامل ہے، پاکستان ان 20 ممالک میں سے ہے جہاں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم گزشتہ سال کی بارشوں اور سیلابی تباہ کاریوں کے بعد بحالی کے مرحلے میں ہیں، ہمیں شدید ماحولیاتی واقعات سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا ہوگا، 5 مئی تک جاری بارشوں پر محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے نے خدشے کا اظہار کیا ہے۔

شیری رحمٰن نے کہا کہ تیار فصلوں، حال ہی میں کاٹی گئی فصلوں اور بوئی فصل کو نقصان ہو سکتا ہے، حکومت نے متعلقہ اداروں اور عوام و کاشتکاروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال جون میں ال نینو سمندری رجحان کی واپسی کی پیش گوئی ہماری مقامی پیشگوئیوں سے ملتی جلتی ہے، ال نینو سمندری رجحان کی واپسی سے دنیا بھر میں شدید ماحولیاتی واقعات پیش آ سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ معمول سے زیادہ بارشیں، سیلاب، خشک سالی اور غذائی قلت کے خطرات بھی شامل ہیں، 2 سالوں میں ال نینو سمندری رجحان کی تیسری بار واپسی قابل تشویش ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں