پاکستان کشمیریوں کی آواز پوری دنیا میں پہنچاتا رہے گا، دفتر خارجہ

اسلام آباد(نیوزٹویو)دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کے کشمیر میں ظلم و بربریت پر پاکستان عالمی دنیا کی توجہ اس طرف دلاتا رہے گا۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان سانحہ سمجھوتا ایکسپریس کی برسی پر ایک بار پھر واقعے پر انصاف کا مطالبہ کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈی جی کا دورہ پاکستان اہم ہے، اس حوالے سے پروپیگنڈا درست نہیں، آئی اے ای اے ایک سویلین ادارہ ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے جوہری پروگرام کو روکنے کا معاملہ ایجنڈا پر ہے نہ ہی اس پر کوئی بات ہوئی، نیوکلیئر پاور اور توانائی کی پیداوار کے بارے میں معاملات پر بات چیت ہوئی ہے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کی فلسطین کے علاقوں میں آباد کاری کی مذمت کرتا ہے، عالمی برادری اسرائیل کی انٹرنیشنل قوانین کی خلاف ورزی پر نوٹس لے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان سے یوکرین کو اسلحہ کی سپورٹ کے الزامات بے بنیاد ہیں، پاکستان کی پوزیشن اس معاملے پر واضح ہے جو پوری دنیا جانتی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اچھے مذاکرات ہوئے، ان میں تجارت اور سرمایہ کاری سمیت متعدد شعبوں پر بات چیت ہوئی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ایران گیس پائپ لائن پر ایران سے رابطے میں ہے، پاکستان اپنے ہمسایوں سے اچھے تعلقات کا خواہاں ہے، پاکستان کے اپنے ہمسایوں سے تعلقات باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔

انہوں نےکہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان قریبی تاریخی تعلقات ہیں، مختلف جیلوں میں موجود افغان قیدیوں میں سے کچھ کو واپس بھیج دیا گیا ہے، دیگر کی واپسی کا عمل جاری ہے۔

ترجمان نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس کی کہانی ایک پرانی کہانی ہے، اس پر ہمارے سابق ترجمانوں نے تفصیل سے روشنی ڈالی ہے، روسی سفیر کے انٹرویو کا نوٹس لیا ہے، ان کا بیان ان کی ذاتی رائے ہے، چینی سفارتخانے نے اپنا قونصلر ہال بند کرنے پر بیان جاری کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں