پمز ہسپتال میں ماڑی افطار دسترخوان کا افتتاح

اسلام آباد(نیوزٹویو) رمضان المبارک کے آتے ہی شہر میں اجتماعی افطاریوں کے دستر خوان کھل گئے ،حریت رہنماء اور وزیر اعظم کی سابق خصوصی مشیر برائے انسانی حقوق مشعال ملک نے بھی پمز ہسپتال میں ماڑی افطار دسترخوان کا افتتاح کردیا ، انھوں نے افطار بھی مریضوں کے لواحقین کے ساتھ بیٹھ کر کی۔
تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی شہر میں مختلف رمضان دستر خوان آباد ہوگئے ہیں ، پمز ہسپتال میں ماڑی پٹرولیم اور سی ڈی آر ایس نے بھی مریضوں کے لواحقین کے لیے افطار دسترخوان سجا دیا جس کا افتتاح معروف حریت رہنماء مشعال ملک نے کیا۔اس موقع پر وہ دستر خوان پر موجود عام خواتین میں گھل مل گئیں اور ان کے ساتھ زمین پر بیٹھ کر افطار کیا ۔میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ مستحق افراد کو کھانا کھلانا عظیم کار ہے جس کے لیے حکومت کے ساتھ نجی شعبے اور غیر سرکاری تنظیموں کو بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہے۔ ماڑی دسترخوان کی انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے کہ وہ اتنے منظم انداز سے اس کار خیر کو آگے بڑھا رہے ہیں ۔مشعال ملک نے پوری دنیا کے مسلمانوں خاص طور پر کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کو رمضان المبارک کی مبارک دی اور کہا کہ عالم اسلام ان بابرکت ایام میں اپنے مظلوم بہن بھائیوں کو ضرور یاد رکھے
انھوں نے کہا کہ رمضان کا پیغام ہے کہ اپنی خوشیوں اور اپنے وسائل میں محروم طبقات کو شامل کریں ، رمضان دسترخوان مہنگائی کے اس دور میں عظیم خدمت ہے،اسلام سادگی کا درس دیتا ہے ، افطار میں سادگی کو اپنائیں۔
بعد ازاں وہ عام لوگوں میں گھل مل گئیں اور مریضوں کی لواحقین خواتین کے ساتھ زمین پر بیٹھ کر پہلی افطاری کی ۔ افطار مینیو میں فروٹ ،شربت اور چکن بریانی شامل تھی ۔اس موقع پر ماڑی دسترخوان کے آرگنائزر عبید الرحمان نے بتایا کہ روزانہ چھ سو افراد کو اس دسترخوان پر افطار کرایا جاتا ہے ، رمضان المبارک کے علاوہ بھی سال بھر دن میں دو مرتبہ مستحق ضرورت مند افراد کو اعلی کوالٹی کا کھانا مہیا کرنے کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں