چین کاپاکستان سےحملے کے ذمہ داروں کو سخت سزا دینے کامطالبہ

بیجنگ(ویب ڈیسک)‌چین نےبشام میں گاڑی پر خودکش حملے میں چینی انجینئرز کی ہلاکت کے بعد پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ حملے کی جلد از جلد مکمل تحقیقات کر کے ذمے داروں کو پکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں لا کر سخت سزا دی جائے۔چینی شہریوں، اداروں اور منصوبوں کی حفاظت کے لیے موثر اقدامات کرے۔چینی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق بدھ کو پریس کانفرنس کے دوران داسو بم حملے کے حوالے سے سوال پر ترجمان وینگ وین بن نے جواب دیا کہ مقامی 26 مارچ کو پاکستانی وقت کے مطابق 1 بجے کے قریب صوبہ خیبرپختونخوا میں چینی کمپنی کی داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی گاڑی پر دہشت گرد حملے میں پانچ چینی اور ایک پاکستانی شہری ہلاک ہو گئے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان کے بیان میں کہا گیا کہ چین اس دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، ہم حملے جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ چین، پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس واقعے کی جلد از جلد مکمل تحقیقات کرے اور ذمے داروں کو پکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں لا کر سخت سزا دے۔پاکستان میں چینی شہریوں، اداروں اور منصوبوں کی حفاظت کے لیے موثر اقدامات کرے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چینی سفارتخانے نے پاکستان میں چینی شہریوں اور کاروباری اداروں کو مقامی سیکیورٹی کی صورتحال پر باریک بینی سے نظر رکھتے ہوئے اضافی حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، حفاظتی اقدامات کو مضبوط بنانے اور دہشت گرد حملوں سے بچاؤ کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حملے کے بعد پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے سوگوار خاندانوں اور چینی حکومت سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرنے کے لیے پاکستان میں چینی سفارت خانے کا دورہ کیا اور دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔
ترجمان نے کہا کہ چین اور پاکستان ہر موسم کے اسٹریٹجک شراکت دار اور آہنی بھائی ہیں اور پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بہت بڑا کردار ادا کر رہا ہے۔ چین اور پاکستان کے درمیان تعاون کو کمزور کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی اور چین ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرنے کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں بشام کے مقام پر گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں