کراچی،موسلادھار بارش،جگہ جگہ پا نی جمع،ٹریفک کی روانی متاثر

کراچی(نیوزٹویو) سندھ کے صوبا ئی دارالحکومت کراچی میں ہونے والی موسلا دھار بارش نے  شہر کے متعدد علاقوں کوپا نی پا نی کر دیا ہے مختلف علاقوں میں جگہ جگہ پانی جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔ کراچی میں ہونے والی تیز بارش کی وجہ سے آئی آئی چندریگر روڈ، ایم اے جناح روڈ، شاہراہ فیصل اور برنس روڈ سمیت دیگر علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہے، سڑکوں پہ ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ منٹوں کا سفر گھنٹوں میں بھی طے نہیں ہو پا رہا ہے، گاڑیاں پانی میں ڈوب رہی ہیں، لوگ انہیں نکالنے کے لیے دھکے لگا رہے ہیں جب کہ پانی کی وجہ سے بند ہوجانے والی گاڑیوں نے حالات کو مزید ابتر بنا دیا ہے۔ بارش کا پانی سندھ اسمبلی بلڈنگ کے احاطے سمیت بیسمنٹ میں بھی داخل ہوگیا جس کے بعد فوری طور پر نکاسی آب کا کام شروع کردیا گیا ہے۔

بارش کے بعد شہر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایڈ منسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شرقی و غربی اضلاع کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فوری طور پر نکاسی آب کے تمام ضروری انتظامات کیے جائیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کے لیے پمپس لگادیے گئے ہیں اور مرکزی شاہراہوں سے پانی کا نکاس شروع ہو گیا ہے۔ انہوں نے شہر کی صورتحال کو تسلی بخش بھی قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں