کے ٹو سے کراچی کے سمندر تک موسم کی تبدیلیوں کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی، سیاحتی مقامات موجود ہیں، رکاوٹوں کا خاتمہ کرنا ہوگا۔فواد چوہدری

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت 4 فیصد کی شرح سے بڑھ رہی ہے، پاکستان نے کورونا کے خلاف موثر اقدامات سے کامیابی حاصل کی، ملک میں کورونا کی شرح 4 فیصد سے کم ہے، پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو یہاں اقتصادی تعاون تنظیم کی پارلیمانی اسمبلی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن اور خوبصورت ملک ہے، وزیراعظم کا سیاحت پر فوکس ہے، یہ شعبہ ہماری معیشت کے لئے گیم چینجر ثابت ہو سکتا ہے، سوئٹزرلینڈ ہمارے شمالی علاقوں کا نصف حصہ بنتا ہے مگر ہم سوئزرلینڈ کو اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ترکی سے سیاحت کے شعبے کے حوالے سے سیکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ہمارے سفارت خانوں کو اس سلسلے میں لوگوں کی رہنمائی کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ویزا شرائط آسان کرنا ہوں گی، ویزا اور سیکورٹی کی صورت حال کو بہتر بنانا ہوگا اور پاکستان کے محفوظ ملک ہونے کے احساس کو اجاگر کرنا ہوگا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کے ٹو کے پہاڑ سے کراچی کے سمندر تک موسم کی تبدیلیوں کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی، پاکستان میں ہر طرح کے سیاحتی مقامات موجود ہیں، ہمیں سیاحت کے شعبے کی رکاوٹوں کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور ان کے حلقہ جہلم میں بے شمار سیاحتی مقامات موجود ہیں، ٹلہ جوگیاں سے یوگا کی شروعات ہوئیں، بابا گرونانک اور سکندر اعظم کی ہمارا علاقہ گذر گاہ رہا ہے۔ اس خطے کی تاریخ کا اندازہ یہاں کی قدیم تہذیب سے لگایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جس طریقے سے کورونا وائرس کے حوالے سے اقدامات اٹھائے، اس پر فخر ہے۔ خطے کے دیگر ممالک اور بھارت کے مقابلے میں پاکستان میں کورونا کی صورتحال بہت بہتر ہے۔ آج پاکستان میں کورونا وائرس کی شرح 4 فیصد ہے جو حکومت پاکستان اور پاکستان کے عوام کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مشکلات کے باوجود پاکستانی معیشت 4 فیصد کی شرح سے بڑھ رہی ہے، کورونا وباءکے دوران ہم نے اپنے غریب عوام کو بھی وباءکے اثرات سے محفوظ رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے احساس پروگرام کے ذریعے غریب افراد کے تحفظ کو یقینی بنایا، ڈاکٹر ثانیہ نشتر مبارکباد کی مستحق ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں