ہسپتالوں سے لوگوں کو واپس بھیجا جا رہا ہے، یہ ہے نیا پاکستان، مریم اورنگزیب

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پمز سمیت ملک بھر کے بڑے ویکسین مراکزمیں کورونا ویکسین کی عدم دستیابی مجرمانہ غفلت ہے۔ اہداف کا واضح  تعین کیوں نہیں کیا گیا؟ پیشگی ویکسین کی فراہمی کا بندوبست کیوں نہیں کیا گیا؟عمران صاحب بتائیں کہ وقت پر ویکسین کیوں نہیں منگوائی ، فراہمی میں تعطل کیوں آرہا ہے؟ ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب شہبازشریف کو ایف آئی اے کا سیاسی انتقام پر مبنی نوٹس بھجوانے سے کیاعوام کو کورونا ویکسین مل جائے گی؟ عمران صاحب آج تک صوبوں کے ساتھ مل کر کورونا سے متعلق قومی حکمت عملی نہیں بناسکے۔ ویکسین کی فراہمی کے حساس اور عوام کی زندگیوں کے معاملے پر بھی عمران صاحب انا، تکبر اور سیاسی انتقام میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص کوروناوبا اورویکسین پر صوبوں کے ساتھ مل کر نہیں بیٹھ سکتا، وہ ملک کونااہلی کے سوا کیا دے سکتا ہے ؟ عمران صاحب کی کرپشن، نااہلی، بدانتظامی اور بیڈگورننس کا خمیازہ پاکستان کے عوام بھگت ر ہے ہیں۔ عمران صاحب آٹا چینی دوائی کے بعد عوام کی ویکسین بھی کھا گئے۔ 1200 ارب کورونا ریلیف پیکج بھی عمران مافیا کی جیب میں چلاگیا، عوام کو ویکسین بھی نہ ملی ۔ جون سے ویکسین موجود نہیں، ہسپتالوں سے لوگوں کو واپس بھیجا جا رہا ہے، یہ ہے نیا پاکستان؟ صوبوں کو نہیں بتایا گیا تھا کہ وہ معاوضہ دے کر وفاق سے کب اور کیسے ویکسین خرید سکتے ہیں، یہ مجرمانہ نااہلی نہیں تو کیا ہے؟اب عمران صاحب ہمیشہ کی طرح نئے بہانے بنارہے ہیں کہ ویکسین کی خریدی صوبائی معاملہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں