سندھ اینٹی نارکوٹکس فورس، ضبط شدہ منشیات اور شراب تلف کر دی گئی

اسلام آباد(ویب نیوز) سندھ اینٹی نارکوٹکس فورس نے گزشتہ سال کے دوران ضبط کی گئی منشیات اور شراب کا ذخیرہ ملیر کے علاقے گڈاپ میں ایک تقریب کے دوران تباہ کر دیا۔ اس سلسلے میں تقریب سپر ہائی وے پر ٹول پلازہ کے قریب رینجرز فائرنگ رینج میں ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل اے این ایف میجر جنرل غلام شبیر ناریجو تھے۔تقریب کے شرکاء کو اے این ایف کی انسداد منشیات کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں اور کاوشوں سے آگاہ کیا گیا۔ اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ کے کمانڈر بریگیڈیئر سید وقار حیدر رضوی نے منشیات کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے قانون کے نفاذ، مشترکہ آپریشنز اور قانونی کارروائیوں کے حوالے سے آگاہی دی ۔ تقریب  میں تعلیمی اداروں میں منشیات سے آگاہی پروگرام کے آغاز کا تذکرہ کیا گیا اور منشیات کے مریضوں کے علاج معالجے کے سلسلے میں کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔تقریب کے اختتام پر 73اعشاریہ 22 ٹن سے زائد منشیات کو آگ لگائی گئی اور ممنوعہ کیمیکل کو تلف کیا گیا جبکہ شراب کی 2ہزار38 بوتلیں بلڈوزر کے ذریعے تلف کی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں