سندھ میں آصف علی زرداری کی ایک بھی شوگر مل نہیں، وزیراطلاعات سعید غنی

 سندھ (نیوزویب)وزیراطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ میں پی ٹی آئی اور اتحادیوں کی شوگر ملز ضرور ہیں، مگر سابق صدر آصف علی زرداری کی ایک بھی شوگر مل نہیں ہے۔میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ غنی مجید گروپ کی شوگر ملز کے اکاونٹس سپریم کورٹ کے حکم پر منجمد ہیں۔ غنی مجید گروپ کی شوگر ملز بند ہونے کی وجہ سے سندھ میں 4 لاکھ ٹن چینی کی قلت ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ گندم اور چینی کی زیادہ پیدوار پنجاب میں ہوتی ہے جب کہ صوبائی حکومتیں چینی کی قیمتیں مقرر کرتی ہیں۔ ملک بھرمیں مہنگائی ہے۔ پیٹرول مہنگا ہو گیا  ہےاوربھی قیمتیں بڑھیں گی۔انہوں نے کہا کہ شوگرملز نے حکومت کو خبردار کیا تھا کہ قلت پیدا ہوسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کی چینی تو بلوچستان کی بھی ضرورت پوری کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں پیٹرول بحران پیدا ہوتا ہے اور پھررات گئے قیمتوں میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ وزیراعظم نے تو سندھ حکومت کو چینی بحران کا ذمہ دار قرار دیا ہے جب کہ آٹا،چینی ،پیٹرول اور ادویات مہنگی کرنے والے ان کے ساتھ ہیں۔ عمران خان اپنے اردگرد کھڑے لوگوں کے خلاف کارروائی کریں۔ سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم حکومت کے خلاف اجلاس ضرور کرے گی لیکن اسی تنخواہ پر کام کرتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں