صوبے بھر میں ہفتہ اور اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن برقرار

لاہور(نیوز ڈیسک) وزیر صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ کرونا میں کمی ضرور آئی ہے، مگر کرونا ختم نہیں ہوا ہے۔ صوبے بھر میں ہفتہ اور اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن کا سلسلہ بدستور برقرار ہے۔لاہور میں ہفتہ وار پریس کانفرنس سے خطاب میں پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ کرونا ابھی گیا نہیں، بلکہ اس میں کمی آئی ہے۔ ایس او پیز پر عمل درآمد سے کرونا کی شرح میں مزید کمی آسکتی ہے۔ احتیاط کے باعث ہم کرونا پر بڑی حد تک قابو پا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب بھرمیں 403 کیسز مثبت آئے ہیں۔ صوبے بھر میں کرونا سے 49 افراد انتقال کرگئے ہیں۔ ویکسین کا کوئی نقصان نہیں، ہم سب نے لگوائی ہے۔ ویکسین سے متعلق افواہوں پر کان نہ دھریں۔ کوئی نقصان ہوتا تو دنیا بھر میں ویکسین کیوں لگائی جاتی۔پابندیوں سے متعلق صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ان ڈور شادیوں پر ابھی بھی پابندی ہے۔ 24 گھنٹے میں ایک لاکھ 80 ہزار افراد کو ویکسین لگا چکے ہیں۔ مثبت کیسز کی شرح میں کمی سختی کے باعث آئی۔ ویکسین کی کوئی کمی نہیں۔ ہمارے پاس 18 لاکھ خوراکوں کا اسٹاک موجود ہے۔ مزید 30 لاکھ خوراکیں آئندہ چند دنوں میں آرہی ہیں۔لاک ڈاؤن سے متعلق انہوں نے بتایا کہ رات 8 بجے کے بعد کمرشل سرگرمیوں پر پابندی ہے۔ ہفتہ اور اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن کا سلسلہ برقرار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں