کےپی نگراں کابینہ کی بی آر ٹی کرپشن کی تحقیقات ایف آئی اے سے کرانے کی منظوری

اسلام آباد(نیوزٹویو)خیبر پختون خوا کی نگراں کابینہ نے بی آر ٹی کرپشن کی تحقیقات ایف آئی اے سے کرانے کی منظوری دے دی۔

نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیرِ ٹرانسپورٹ شاہد خٹک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے بی آر ٹی کرپشن کیس میں اسٹے لینے سے پتہ چلتا ہے کہ گڑبڑ ہوئی ہے،نیب اور ایف آئی اے مل کر معاملے کی تحقیقات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی ٹرانسپورٹ کے انڈر ہوتی ہے اور وزیرِ ٹرانسپورٹ اس کا چیئرمین ہوتا ہے، عجیب تو یہ ہے کہ یہاں ایک سرکاری افسر بی آر ٹی ٹرانسپورٹ دیکھ رہا ہے۔

نگراں وزیرِ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ بی آر ٹی کی تعمیر لوکل گورنمنٹ کے ادارے نے کی، جس میں ناقص میٹریل استعمال کیا گیا۔

شاہد خٹک نے کہا کہ خیبر پختون خوا کی بیورو کریسی اور مختلف ڈیپارٹمنٹس میں پی ٹی آئی کے لوگ تعاون نہیں کر رہے، بیورو کریٹس الیکشن کرانے میں رکاوٹ بن رہے ہیں، وزیرِ اعظم، سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن ہمیں اختیار دیں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ ہم بیورو کریسی میں دوسرے لوگ لائیں گے، تمام پارٹیوں کے ساتھ مشاورت کے بعد ہم الیکشن کرائیں گے، آئین کے مطابق ہماری نگراں حکومت کا وقت پورا ہو چکا ہے۔

نگراں وزیرِ ٹرانسپورٹ نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے بنائے ڈیمز کی بجلی بنانے کی کوئی صلاحیت نہیں، دریائے کابل پر سیلاب سے بچاؤ کے لیے بنائی گئی رکاوٹوں میں بھی اربوں روپےکی کرپشن کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں